نظامت تربیت کے زیراہتمام شور کوٹ کینٹ میں عرفان القرآن کورس کا آغاز
نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شورکوٹ میں 11 اپریل 2012ء سے عرفان القرآن کورس کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر تحریک منہاج القرآن شورکوٹ حاجی محمد اقبال زرگر اور علامہ مفتی مطلوب احمد سعیدی تھے۔ اس پروگرام میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی، مرکزی معلم قاری حسنین فرید، مرکزی معلم طیب حسین شاہ، علامہ فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور سید حسن رضا، کے علاوہ تحریک کے سارے فورمز یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، علماء کونسل، ویمن لیگ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں بطور ہدیہ نعت عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ بعدازاں علامہ محمد شریف کمالوی نے عرفان القرآن کورس کی مکمل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان کورسز کا مقصد رجوع الی القرآن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن کورس میں قرآن کو تلفظ، ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھنے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ آج تحریک منہاج القرآن اس ٹوٹے ہوئے تعلق کو جوڑنے کے لئے عرفان القرآن کورس کو پورے ملک میں پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم لوگ دینی تعلیمات سے دور ہو تے جا رہے ہیں۔ اس لیے مختلف مصائب وآلام ہمارے اوپر ڈھائے جا رہے ہیں۔ اگر ہم قرآن کی تعلیمات کوتھام لیں تو سارے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔
آئیں دین سیکھیں کورس (بنیادی دینی تعلیمات کا کورس) کی بریفنگ مرکزی معلم علامہ قاری حسنین فرید نے دیتے ہوئے کہا کہ اس کورس میں وضو، غسل، نماز، نماز جنازہ کے علاوہ دیگر فقہی ضروری مسائل، آخری بارہ سورتیں تلفظ کے ساتھ زبانی یاد کرنا، دعائیں یاد کرنا اسی طرح دیگر بنیادی دینی چیزوں کی تعلیمات دی جاتی ہیں جو روزمرہ کی زندگی میں ہر انسان کے لئے ضروری ہوتی ہیں۔ تقریب کا اختتام ملک وقوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عمر دازی اور مشن کے لئے مزید ترقی کی دعا کی گئی۔
رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ
تبصرہ