منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس (فرانس) میں پرتگالی نوجوان کا قبول اسلام

مورخہ: 05 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس (فرانس) میں مورخہ 05 مئی 2012ء کو نماز جمعہ کے موقع پر ایک پرتگالی نوجوان اپنا مذہب چھوڑکر علامہ چودھری رازق حسین کے ہاتھوں کلمہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس کی طرف سے ان کا نیا اسلامی نام محمد امین رکھا گیا۔

قبول اسلام کی اس تقریب میں علامہ چودھری رازق حسین، حاجی خلیل (سرپرست ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس)، حاجی نعیم احمد جوڑا (ممبر مجلس شوریٰ فرانس)، زاہد محمود چشتی (صدر ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس)، چودھری شہباز احمد اور چودھری آصف جاوید کے علاوہ کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نور الامین (امام اسلامک سنٹر) نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل گارج لے گونس نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت پیش کی۔

علامہ چودھری رازق حسین نے نومسلم نوجوان اور اس کے ساتھ تشریف لانے والے احباب کو اپنی اور انتظامیہ کی طرف سے خوش آمدید کہا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نو مسلم نوجوان محمد امین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس کی طرف سے عرفان القرآن کی انگلش ٹرانسلیشن اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد نوجوان کو اسلام کے احکامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور ان کے مصطفوی مشن کا تعارف بھی کرایا گیا۔ آخر میں انہیں مرکز کا وزٹ کرایا گیا۔

رپورٹ: ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top