منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کے تحت فتویٰ کی تقریب پذیرائی

مورخہ: 06 مئی 2012ء

منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کے معروف اور جدید مرکز جو یورپی اور امریکی لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے متعارف کرانے کے لئے قائم کیا گیا ہے جس میں عربی زبان کی تدریس کا سلسلہ بھی چلایا جاتا ہے اورتمام مغربی ممالک سے آنے والے اور سفارتخانوں میں کام کرنے والوں کے لئے تفہیم کا کام کیاجاتا ہے۔ منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کونسل نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شہر ہ آفاق کتاب دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے خلاف مبسوط تاریخی فتویٰ کی پذیرائی کے لئے مورخہ 06 مئی 2012ء بروز اتوار کو ایک تقریب کا اہتمام کیا، تاکہ اس کتاب کی مغربی، سفارتی، علمی اور کویتی حلقوں میں اہمیت کو اجاگر کیاجاسکے، اور اسلام کی اصل تعلیمات کے ساتھ ساتھ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہمہ جہت، وسیع النظری، بالغ الفکری، فکر انگیز اور رحجان ساز شخصیت سے بھی صحیح معنوں میں متعارف کرایا جاسکے۔

تقریب کویت کے مشہور معلوماتی مرکز میں منعقد کی گئی جس میں صرف سفارتخانوں کے ملازمین اور ملٹی نیشنل کمپنیز کے مینجرز جو مغربی مماک سے تعلق رکھتے ہیں کو ہی مدعو کیا گیا۔ معلوماتی مرکز میں صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت جعفر صمدانی، جنرل سیکرٹری ایم ایچ قریشی، پروفیسر ڈاکٹر ٹریسا لیشر(امریکی نژاد پروفیسر کویت یونیورسٹی) اور مینجر معلوماتی مرکز حسن طہ (امام و خطیب مسجدمجلس ام کویت) کی زیر سرپرستی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

پروفیسر ڈاکٹر ٹریسالیشرنے اسلام کی تعلیمات میں جرم وسزا، فساد، خونریزی، قتل وغارت گری اور دیگر جرائم اور سب سے بڑھ کر خود سوزی اور خودکش بمبار وں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کتاب کے مولف ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کس خوبصورتی سے آج تک اسلام کے اصول فقہ اور فقہ کے تناظر میں فقہا کی مختلف آراء کے ساتھ ایک اصول مرتب اور مدون کرنے کے بعد بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے کہ اسلام کی تعلیمات سراپہ امن ہیں۔ بعض نام نہاد علماء اور اسلام کے مخالفین نے اسلام کے نام پر اورذاتی مفادات، لالچ، دباء اور اسلام کی ابدی و آفاقی تعلیمات کو بدنام کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ڈاکٹر ٹریسا نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس کتاب کے بارے میں کہتی ہوں کہ ہر بنی نوع انسان اس کا مطالعہ کرے۔

پروگرام میں سٹڈی سرکل کا اہتمام کیا گیا جس میں اپنے خیالات، سوالات، آراء اور جوابات کے ساتھ اس نشست کو مزین کیا گیا۔شرکاء نے سوالات اور جوابات، اپنے تجربات، مشاہدات اور تاثرات کا اظہار کیا، اور اسلام کی اس عظیم ابدی و آفاقی فکرکو مغرب میں اور مغرب کے رحجان ساز اداروں میں منفی طورپر پیش کئے جانے پر دکھ کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ انہیں اب یقین ہونے لگا ہے کہ اسلام ہی دنیا کو امن عالم کا گہوارہ بنا سکتا ہے مگراس کے خلاف ایک محاذ بنا دیا گیا ہے کہ یہ دہشت گردی کی تعلیم دیتا ہے حالانکہ اسلام اس طرح کے رویوں کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ تقریب کے دوران مرکز میں منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کی جانب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شہرہ آفاق کتاب فتویٰ کا سٹال بھی لگایا گیا تھا۔ تقریب کے اختتام پر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کے جنرل سیکرٹری ایم ایچ قریشی نے معلوماتی مرکز کے حسن طہ اور پروفیسر ڈاکٹر ٹریسالیشراور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اور مہمانوں کی تواضع کی۔

رپورٹ: جعفر صمدانی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top