تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی کے زیراہتمام 43 واں ماہانہ درس قرآن
تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی کے زیراہتمام 13 مئی بروز اتوار کو 43 واں ماہانہ درس عرفان القرآن کمیٹی گراؤنڈ پتوکی میں بعد نماز فجر منعقد ہوا جس میں خصوصی شرکت علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن نے کی۔ پروگرام میں اہل علاقہ کے ممتاز علماء کرام اور سیاسی وسماجی شخصیات نے خصوصی طور پرشرکت کی جبکہ تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز (منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ) کے عہدیداران اور اراکین نے بھی بھرپور شرکت کی، علاوہ ازیں علاقہ بھر سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیاگیا۔
شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے شانِ ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ غار ثور میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ صرف صدیق اکبر رضی اللہ عنہ تھے۔ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے مرتبہ کے بارے میں پوچھا تو آپ نے فرمایا کہ میں (عمر رضی اللہ عنہ) کہتا ہوں کہ ابوبکر صدیق کی غار کی ایک رات میری پوری زندگی سے افضل ہے۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت، ادب، وفا اور معیت میں سب سے آگے تھے۔ اگر آپ بھی آقا علیہ السلام کی عطا چاہتے ہیں تو صدیق اکبر رضی اللہ عنہ جیسی وفا کو اپناؤ۔ اسی پیغام کو تحریک منہاج القرآن ملک پاکستان اور پوری دنیا میں عام کررہی ہے کہ ’’آؤحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہدوفاکریں‘‘۔
پروگرام کے آخر میں حاضرین میں بذریعہ قرعہ اندازی 10 نسخے ترجمہ عرفان القرآن تقسیم کئے گئے۔ پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب وسی ڈیزکا اسٹال بھی لگایا گیا، حاضرین نے پروگرام کے اختتام پر خریداری میں گہری دلچسپی لی۔ آخر میں درودوسلام کے بعد علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نے خصوصی دعا فرمائی۔
رپورٹ: تنویر حسین منا
تبصرہ