تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے بانی رہنما حاجی محمد عنایت قادری مرحوم کی نماز جنازہ

مورخہ: 13 مئی 2012ء
ہو میرا کام غریبوں کی حمایت کرنا دردمندوں سے ضعیفوں سے محبت کرنا

حکم الامت کی اس آرزو کی تکمیل کے لیے شب و روز مصروف عمل رہنے والی شخصیت تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ہزار ہا کارکنان کو داغ مفارقت دے گئی۔ حاجی محمد عنایت قادری تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے بانی رہنماؤں میں سے تھے۔ انہیں یہ شرف کئی مرتبہ نصیب ہوا کہ شیخ الاسلام ان کے ہاں قیام پذیر ہوئے۔ مرحوم منہاج القرآن کے شعبہ ویلفیئر کے سرخیل تھے۔ 3 کروڑ سے زائد رقم اکٹھی کرکے پرشکوہ اسلامک سنٹر تعمیر کیا، سونامی کا طوفان کا ذکر ہوا تو 70 لاکھ روپے مالیت کا کپڑا دے کر ملک بھر کی تنظیمات میں اول رہے، وطن عزیز میں آنے والا زلزلہ ہو یا طوفانی سیلاب ان کی خدمات کا ایک سنہری باب ہے۔ مرحوم شیخ الاسلام کے ہر حکم کی تکمیل کے لیے ہمہ وقت کمربستہ رہتے تھے، پیرانہ سالی میں بھی تھکاوٹ کے آثار دکھائی نہ دیتے تھے۔ یتیم، بے سہارا اور غریب بچیوں کی شادیوں کے پروگرام کے بانی تھے۔ 25 شادیاں ہر سال ہونے پر 25 سے 30 لاکھ روپے کی رقم کے اخراجات کی منصوبہ بندی بلاشک وشبہ انہیں تحریک منہاج القرآن کے عظیم سپوتوں کی صف اول میں لاکھڑا کرتی ہے۔

مرحوم تحریک منہاج القرآن کے ہزارہا کارکنان کے لیے ترغیب کا باعث تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی نماز جنازہ مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی نے پڑھائی۔ مرکز سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر راحیق احمد عباسی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، راجہ محمد جمیل اجمل، حاجی محمد الیاس قادری، راجہ زاہد محمود، حاجی منظور حسین، سید توقیر حسن گیلانی، ضلع سے حاجی محمد رشید قادری، سید ہدایت رسول قادری، اللہ رکھا نعیم، انجینئر محمد رفیق نجم، میاں کاشف محمود، علامہ عارف صدیقی، غلام محمد قادری، حاجی محمد اشرف قادری، حاجی محمد امین القادری، میاں محمد امجد، حاجی محمد عباس، علامہ عزیز الحسن حسنی اور تمام صوبائی حلقہ جات کی تمام یوسی تنظیمات کی نمائندگی کے ساتھ شہر بھر سے مختلف معاصر تنظیمات کے نمائندوں کی شرکت ان کی لازوال خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

قائد اپنے کارکن پر کیسے مہربان ہوتاہے اس کی خوبصورت مثال حاجی محمد عنایت قادری کے وصال پر کینیڈا سے شیخ الاسلام کی ان کے بھائی اور بیٹوں سے تعزیت ہی نہیں بلکہ ختم قل شریف میں حاضر ہزارہا لوگوں سے ٹیلی فون خطاب بھی ہے۔ اللہ کریم پیارے محبوب تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ ( آمین)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top