منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام جامع مسجد غوثیہ یاشیو سائتا ماکین میں درس عرفان القرآن

مورخہ: 13 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان نے یاشیوکی تاریخی مسجد میں مورخہ 13 مئی 2102ء سے درس عرفان القرآن کا آغاز کر دیا۔ یاشیو میں واقع جامع مسجد غوثیہ اہلسنت کی سب سے بڑی اور پرانی مسجد ہے۔ پروگرام کی صدارت مسجد کے خطیب و امام حافظ مطلوب احمد نے کی جبکہ منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق مہمان خصوصی تھے۔

درس عرفان القرآن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری علی حسن نے حاصل کی۔ حافظ مطلوب احمد اور نذیر احمد نے ہدیہ نعت پیش کی۔ نقابت کے فرائض مسجد کمیٹی کے خزانچی نذیر احمد نے سرانجام دیئے۔ منہاج اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی سورۃ حجرات کی پہلی آیات کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ کے آداب بندے کو خود سکھائے ہیں۔ معبود ہو کر عبد کی بارگاہ کا ادب سکھانا بڑی عظیم بات ہے۔ اللہ رب العزت نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت سے شہر مکہ کی قسم اٹھائی، مکہ کی گلیوں کی قسم اٹھائی، کبھی والضحیٰ چہرے کی قسم اٹھائی۔ محبت ہو تو ایسی ہو کہ محبوب کی ہر ادا سے محبت کی جائے، ہم سب دعویٰ محبت تو کرتے ہیں مگر محبت میں پورے نہیں اترتے، محبوب کی سیرت پر عمل نہیں کرتے۔ محبت ہو تو عمل کرنا آسان ہو جاتا ہے، محبت کے بغیر عمل بے کار ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن محبت وعشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عاشق ساقی کوثر اور عالمی امن کا نشان ہیں۔ درس عرفان القرآن میں محمد حنیف مغل، امانت علی گوندل، حاجی محمد طفیل، محمد فیصل ملک اور محمد انعام الحق ساتھیوں کے ساتھ شریک ہوئے۔ پروگرام کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور خصوصی دعا سے پروگرام ختم ہوا۔

رپورٹ: محمد اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top