پاکستان عوامی تحریک کا 23 واں یوم تاسیس آج جوش و خروش سے منایا جائے گا
’’تبدیلی نظام ورکرز کنونشن ‘‘ کے عنوان سے پاکستان سمیت پوری دنیا
میںتقریبات منعقد ہونگی
سب سے بڑی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہو گی
پاکستان عوامی تحریک کا 23 واں یوم تاسیس آج (جمعہ) کو مرکزی، صوبائی، ضلعی اور تحصیلی سطح پر نہایت جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ’’تبدیلی نظام ورکرز کنونشن‘‘ کے عنوان سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں تقریبات منعقد ہونگی۔ جن میں قائدین تحریک یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک کاٹیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام کے مطابق دنیا بھر میں پاکستان عوامی تحریک کے اسلامک و کلچرل سینٹرز اور پاکستان میں مرکزی اور صوبائی سطح پر بھی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب منعقد ہوں گی۔ یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی سب سے بڑی تقریب میں قائدین تحریک پرچم کشائی کے بعد یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ’’تبدیلی نظام ورکرز کنونشن‘‘ سے خطاب کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائدین ملک میں موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کی تبدیلی اور امن عالم کیلئے تحریک اور قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سیاسی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ ملک میں موجودہ نظام انتخاب کی تبدیلی اور عالمی سطح پر امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز ان ورکرز کنونشنز کا خاص موضوع ہونگے۔ پوری دنیا میں ہونے والے تبدیلی نظام ورکرز کنونشن میں عالمی سطح کی مختلف سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات شرکت کریں گی۔
تبصرہ