منہاج یونیورسٹی لاہور نے بی اے کے رزلٹ کا اعلان کر دیا

مورخہ: 23 اگست 2008ء

مورخہ 23 اگست 2008ء کو منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام B.A کے رزلٹ کے اعلان اور تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ملک ندیم کامران صوبائی وزیر خوراک حکومت پنجاب تھے۔ جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، شیخ زاہد فیاض، کرنل (ر) محمد احمد رجسٹرار اور ڈپٹی رجسٹرار جی ایم ملک، احمد نواز انجم، پروفیسر محمد نواز ظفر، پروفیسر ڈاکٹر زاہد لودھی، پروفیسر ڈاکٹر نصیر اختر اور پروفیسر سجاد العزیز کے علاوہ یونیورسٹی کے اساتذہ اکرام اور طلبہ وطالبات نے بھر پور شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت طارق محمود نے حاصل کی۔ بعد از تلاوت کلام مجید آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت شکیل احمد طاہر نے حاصل کی۔

کنٹرولر امتحانات چوہدری محمد یعقوب نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ منہاج یونیورسٹی کا رزلٹ 72 فیصد رہا۔ (رزلٹ ملاحظہ فرمانے کے لئے کلک کریں۔) انہوں نے بتایا کہ B.A کے امتحان میں پہلی پوزیشن طاہر ارشد، دوسری پوزیشن سارہ نصیر جبکہ تھرڈ پوزیشن محمد نوید انجم نے حاصل کی۔ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 20ہزار 15ہزار اور 10ہزار روپے کیش پرائز اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے سند امتیاز اور سند حُسن کارکردگی دی گئی۔ اس کے علاوہ منہاج یونیورسٹی کی طرف سے سرٹیفیکٹ آف میرٹ کے علاوہ پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے گئے۔

مہمان خصوصی وزیر خوراک پنجاب ملک ندیم کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج یونیورسٹی ملک کا واحد تعلیمی ادارہ ہے جہاں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔ اور یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات ملک وقوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایسا عظیم تعلیمی ادارہ بنانے پر اس کے بانی جناب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر نذیر رومانی نے کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں لگا دیں، والدین اور یونیورسٹی کا نام روشن کریں۔

قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ اس وقت منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کی پہچان ہیں آپ کے کردار میں انہی کی خوشبو آنی چاہئے۔

ڈپٹی رجسٹرار منہاج یونیورسٹی جی ایم ملک نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تعلیم کے میدان میں قوم کو 572 سکولز، 8 کالجز اور منہاج یونیورسٹی دے چُکے ہیں جو ملک کے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ تربیت کے زیور سے آراستہ کر رہی ہے۔

مزید تصاویر کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top