جامع مسجد البلال (توچکی کین جاپان) میں عظیم الشان محفل معراج

مورخہ: 21 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 21 جون 2012ء کو جاپان کی معروف کاروباری شخصیت اور جامع مسجد البلال یوکی کے صدر حاجی محمد منشاء کے یارڈ (توچکی کین) پر عظیم الشان محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس کی صدارت جامع مسجد البلال کے امام و خطیب علامہ حافظ طاہر جمال نے کی جبکہ منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ طاہر جمال نے حاصل کی جبکہ یوکی کے مشہور نعت خواں محمد اقبال نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ معروف روحانی بزرگ حاجی عبدالغفور نے خوبصورت انداز میں پنجابی اور اردو نعتیں پیش کیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے حکم فرمایا ہے کہ جب کوئی نعمت مل جائے تو اس کا چرچا کرو، آج کا دن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سفر معراج سے واپسی کا دن ہے، آج کا دن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل بیان کرنے کا دن ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تجدید عہد وفا کا دن ہے، آج کا دن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحفہ معراج نماز کو قائم کرنے کا دن ہے، ان کے احسانات کو یاد کرنے کا دن ہے۔

منہاج القرآن پوری دنیا میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ فروزاں کر رہی ہے، جاپان کی دھرتی پر بسنے والے لوگوں کو اللہ رب العزت نے مال ودولت کی نعمتوں سے خوب نوازا ہے، جس مالک نے اتنا عطا کیا ہے اور جس حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے عطا کیا ہے اس مالک کی بارگاہ میں سجدہ شکر ادا کرنے اور جس کے صدقے ملا ہے اس کی سیرت کو اپنی زندگیوں میں ڈھالنے کاعہد کرنا ہوگا۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف کھانے سے دعوت کی گئی اور خصوصی دعا سے پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top