مقام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (کولمبیا، امریکہ)

یورپ اور مغربی معاشرہ میں رہنے والے مسلمانوں کی اکثریت مقامِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ناآشنا اور ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کئی حوالوں سے غلط فہمی کا شکار تھی۔ اندریں حالات منہاج القرآن نے ہمیشہ کی طرح اپنا فرض منصبی ادا کرتے ہوئے اس ضرورت کو محسوس کیا اور امت کو حقیقی معنوں سے مقام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آشنا کرنے کے لئے یورپ اور امریکہ کے دیگر شہروں کی طرح کولمبیا میں بھی اس نوعیت کے پروگرام کو ترتیب دیا گیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے ذیلی ڈیپارٹمنٹ ’’پیس اینڈ اینٹیگریشن کونسل آف نارتھ امریکہ‘‘ (PICNA) کے زیراہتمام دوسری عظیم الشان کانفرنس بعنوان ’’مقام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ ساؤتھ کیرولینا (کولمبیا۔ ا مریکہ) میں منعقد ہوئی۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس کانفرنس میں سینکڑوں مسلمان شریک تھے۔ کانفرنس کی صدارت پروفیسر انعام الحق نے کی۔ تلاوت قرآن کی سعادت امام محمد بشیر نے حاصل کی جبکہ بلال صدیقی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ چوھدری صادق نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے PICNA کی کارکردگی رپورٹ حاضرین کے سامنے پیش کی۔

شیخ الاسلام نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا مشاہدہ ہے کہ عقیدہ اہل سنت کو تقریباً 2 صدیوں سے تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس عقیدہ کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ امت کے سچے اعتقاد کو مسخ اور مضبوط تعلق کو کمزور کیا جارہا ہے حالانکہ ہمارے ایمان اور عقیدہ کی بنیاد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ مضبوط تعلق ہی ہے۔ توحید کو سمجھنے کے لئے رسالت پہلا ستون یا پہلا قدم ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مضبوط ایمان و اعتقاد اور رسالت کی اہمیت کو سمجھے بغیر توحید کے تصور کو سمجھنا ناممکن ہے۔

اپنے خطاب کے دوران شیخ الاسلام نے مقام و عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آشنائی کے لئے قرآن پاک کی متعدد آیات اور احادیث مبارکہ سے استدلال کیا کہ ایمان اور عقیدہ کے تحفظ کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق عشقی پیدا کرنا ہوگا۔ اس کانفرنس میں ہر عمر کے احباب شریک تھے جو تقریباً اڑھائی گھنٹے تک شیخ الاسلام کے علمی، فکری اور تحقیقی خطاب کو نہایت توجہ، دلچسپی اور انہماک سے سنتے رہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top