منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام شب برات کا خصوصی اجتماع

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 07 جولائی 2012ء کو منہاج اسلامک سنٹر اباراکی کین کی جامع مسجد المصطفیٰ میں شب برات کا تاریخی اجتماع منعقد ہوا جس میں ٹوکیو،گماکین، چیباکین، یوکی شو، سائتاماکین اور اباراکی کین سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری حامد علی نے حاصل کی،محمد خالد، محمد عثمان سنی، محمد فیصل ملک، حاجی یونس اور محمد ایا ز ملک نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے ادا کئے جبکہ NPO جاپان کے صدر صالح محمد افغانی نے پروگرام کی صدارت کی۔ منہاج اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے اپنے خصوصی خطاب میں شب برات کے فضائل اور خشیت الٰہی اور محبت الٰہی کو موضوع بناتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شعبان کا پورا مہینہ روزے رکھتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اس رات اللہ رب العزت بنو کلب کی بکریوں کے بالوں کے برابر لوگوں کو جنت عطا فرمائے گا۔ یہ رات اللہ رب العز ت کی بارگاہ میں رونے اور آنسو بہانے کی رات ہے۔

اللہ رب العزت اس رات اپنے بندوں کی تقدیریں فرشتوں کے سپرد فرما دے گا! کیا خبرآئندہ سال تک ہماری موت آجائے، نوجوانو ! اس سے قبل سچی توبہ کر لو، انہوں نے حضرت یحییٰ علیہ السلام، حضر ت امام زین العابدین، حضر ت بشر حافی، حضر ت فضیل بن عیاض، حضرت ابراہیم بن ادھم، حضرت امام اعظم ابو حنیفہ اور دیگر اولیاء کے توبہ کے احوال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے روحانی خطاب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ایوب علیہ السلام، حضرت یوسف علیہ السلام، خواجہ اویس قرنی اور حضرت بلال حبشی کی اللہ رب العزت سے محبت کے واقعات بیان کئے۔

پروگرام کے اختتام پر صلوۃ التسبیح ادا کی گئی،اجتماعی درودوسلام کے بعد علامہ محمد شکیل ثانی نے رقت آمیز دعا کرائی۔محمد ایاز ملک، فیصل ملک اور حنیف مغل کو کامیاب پروگرام کے انعقادپر مبارکباد پیش کی۔سحری کے بعد پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا اور لوگو ں نے اپنے گھروں کی راہ لی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top