کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور منہاج گرلز کالج کے اساتذہ کے لئے دو روزہ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ مورخہ 03 تا 4 جولائی 2012 کو کالج آف شریعہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ جس کا دورانیہ وقت صبح 8:30 تا سہ پہر 4:00 تک تھا۔ اس دو روزہ ورکشاپ کی صدارت پرنسپل کالج آف شریعہ بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا نے کی۔ اس ورکشاپ کے دوران نقابت کے فرائض وائس پرنسپل ڈاکٹر محمد اصغر جاوید نے سرانجام دیے۔
ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد اشتیاق الازہری نے حاصل کی جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت علامہ غلام مجتبی طاہر نے حاصل کی۔ اس کے بعد وائس پرنسپل ڈاکٹر محمد اصغر جاوید نے ورکشاپ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے افتتاحی کلمات کے لئے پرنسپل منہاج گرلز کالج محترمہ فرح ناز کو دعوت دی۔ انہوں نے بہت خوبصورت انداز میں ورکشاپ کے انعقاد کے مقاصد اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں دونوں کالجز کے اساتذہ اور طلبہ کی تشکیل کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خلوص نیت، پختہ ارادہ، اتفاق و اتحاد پر زور دینا ہو گا۔
پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تدریس کے دوران نئی نئی تکنیک اور ملٹی میڈیا کے استعمال پر زور دینا ہو گا، اس کے ساتھ ساتھ وسعت مطالعہ اور طلباء کی گرومنگ پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ اس کے بعد ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری نے ٹائم ٹیبل اور سلیبس کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈاکٹر نعیم مشتاق نے ورکشاپ کے پہلے روز ’’بین المذاہب مکالمہ‘‘ کی ضرورت و اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن حقیقی معنوں میں اس مکالمہ پر عمل کر رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں حقیقی معنوں میں اسلامی تعلیمات کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کی احسن انداز میں صحیح خطوط پر راہنمائی کریں۔
علامہ محمد الیاس اعظمی نے "طلباء کی ذہنی نشوونما اور والدین کے ساتھ روابط" پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں طلبہ میں اعلی اوصاف پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم بچوں کے والدین سے رابطے میں رہیں۔
ڈائریکٹر اقبال اکادمی ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے "قرآن اور معلم" پر جامع اور مدلل انداز میں گفتگو کی۔ ورکشاپ کے دوسرے روز محمد نعیم مشتاق نے "تعمیر شخصیت" پر عالمانہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طالبعلم کی شخصیت بنانے اور نکھارنے میں استاد کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ پرنسپل کالج آف شریعہ نے ورکشاپ کے دوسرے روز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دونوں کالجز کے نظام، نصاب اور تربیتی امور کو یکساں طور پر بہتر بنانا ہو گا۔
اس ورکشاپ کے انعقاد، جملہ انتظام و انصرام میں وائس پرنسپل منہاج گرلز کالج محترمہ حمیرا، وائس پرنسپل علی حسین رضوی، ڈپٹی ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹیٹویٹ رانا محمد فاروق اور عبدالرحمن صدیقی نے بھرپور کردار ادا کیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر ملک پاکستان میں امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ