اسلام کا مرکز ومحور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہے: چودھری رازق حسین
منہاج القرآن انٹرنیشنل (گارج لے گونس، فرانس) کے زیر اہتمام مورخہ 07 جون 2012 ء کو ماہانہ محفل گوشہ درود منعقد ہوئی جس کی صدارت حاجی خلیل احمد(سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس، فرانس) نے کی۔ اس کے علاوہ قاری نورالامین، صابر حسین، غلا م فرید، زاہد محمود چشتی ، منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ایگزیکٹو کے علاوہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نورالامین قادری نے حاصل کی، اس کے بعد حاضرین مجلس نے مکمل یکسوئی کے ساتھ اجتماعی طور پر تسبیحات کے ذریعے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کے پھول نچھاور کئے۔سید چن شاہ، حاجی محمد ریاض، حنیف مغل، منظور حسین قادری اشتیاق حسین اور عمران تاسب گل نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔نقابت کے فرائض زاہد محمود چشتی نے سرانجام دیئے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس، فرانس کے ڈائریکٹر علامہ چودھری رازق حسین نے درود وسلام کی اہمیت وفرضیت پر انتہائی مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا اللہ رب العز ت نے ساری کائنات کی بزم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے سجائی ہے اور اسلام کا مرکز ومحور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہے۔ اس کے بعد محفل ذکر منعقد ہوئی۔ علامہ چودھری رازق حسین نے خصوصی دعا کرائی جس کے بعد جملہ شرکاء کو مدثر نعیم کی طرف سے ضیافت کرائی گئی۔
رپورٹ: محمد علی رضا
تبصرہ