معمولات و وظائف رمضان از شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

  1. نماز پنج گانہ باجماعت ادا کریں۔
  2. نمازِ تراویح پوری باجماعت ادا کریں۔
  3. سحری کھانے سے قبل نماز تہجد ادا کریں۔ اِس کی کم اَز کم دو (2) اور زیادہ سے زیادہ بارہ (12) رکعات ہیں۔
  4. حتی الامکان فضائل و برکات والی دیگر نفلی نمازیں ادا کریں۔ مثلاً:
    • نمازِ اشراق : اِس کا وقت طلوعِ آفتاب سے بیس (20) منٹ بعد شروع ہوتا ہے۔ اِس کی کم اَز کم دو (2) اور زیادہ سے زیادہ چھ (6) رکعات ہیں۔
    • نمازِ چاشت : اِس کا وقت آفتاب کے خوب طلوع ہو جانے پر ہوتا ہے۔ جب طلوعِ آفتاب اور آغازِ ظہر کے درمیان کل وقت کا آدھا حصہ گزر جائے تو یہ چاشت کے لیے اَفضل وقت ہے۔ اِس کی کم اَز کم دو (2) اور زیادہ سے زیادہ بارہ (12) رکعات ہیں۔
    • نمازِ اَوّابین : یہ مغرب اور عشاء کے درمیان کی نماز ہے، جو کم اَز کم دو (2) طویل رکعات یا چھ (6) مختصر رکعات سے لے کر زیادہ سے زیادہ بیس (20) رکعات پر مشتمل ہے۔
  5. روزانہ خشوع و خضوع اور تفکر و تدبر کے ساتھ قرآن حکیم مع ترجمہ ’’عرفان القرآن‘‘ کی تلاوت کریں۔
  6. درج ذیل وظائف روزانہ ایک ایک ہزار مرتبہ پڑھیں:
    • درود شریف: اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی سَيِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِه وَاَصْحَابِه وَبَارِکْ وَسَلِّمْ.
    • اِستغفار: اَسْتَغْفِرُ اﷲَ الْعَظِيمَ الَّذِی لَا اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْحَیُّ الْقَيُّوْمُ وَاَتُوبُ اِلَيْهِ.
    • کلمہ طیبہ: لَا اِلٰهً اِلَّا اﷲُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ ﷲِ.
  7. پہلے عشرے میں ہر نماز کے بعد رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَاَنْتَ خَيْرُ الرَّاحِمِيْنَ کا وِرد ایک سو مرتبہ کریں۔
  8. دوسرے عشرے میں ہر نماز کے بعد اَسْتَغْفِرُ اﷲَ رَبِّی مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّاَتُوْبُ اِلَيْهِ کا ورد ایک سو مرتبہ کریں۔
  9. تیسرے عشرے میں ہر نماز کے بعد اَللّٰهُمَّ اَجِرْنَا مِنَ النَّارِ يَا مُجِيْرُ يَا مُجِيْرُ يَا مُجِيْرُ کا وِرد ایک سو مرتبہ کریں۔
  10. حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شبِ قدر میں درج ذیل دعا پڑھنے کی تلقین فرمائی ہے:
    • اَللّٰهُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ.

    لہٰذا آخری عشرے کی ہر طاق رات میں کثرت کے ساتھ اِس کا وِرد کریں۔

  11. علاوہ ازیں ہماری کتاب الفیوضات المحمدیۃ میں درج فرض نمازوں کے بعد کیے جانے والے بقیہ وظائف کو اپنا معمول بنائیں، اور ہر فرض نماز کے بعد سُبْحَانَ اﷲِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ، اَﷲُ اَکْبَرُ  کی ایک تسبیح کریں۔ آیۃ الکرسی اور مذکورہ بالا اِستغفار پڑھیں۔
  12. رحمتوں اور سعادتوں بھرے اِس مہینے میں کثرت کے ساتھ صدقات و خیرات کو اپنا معمول بنائیں، اور محتاجوں و ضرورت مندوں کی مدد کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top