مقتدر سیاسی شخصیات کو اداروں کی مضبوطی کبھی ایک آنکھ نہیں بھائی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

پارلیمنٹ نے صرف مراعات یافتہ طبقے کے حقوق کو تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کی
تبدیلی کی باتیں کرنے والے عوام دشمن نظام انتخاب کو بدلنے کی بات کیوں نہیں کرتے؟

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں شخصیات طاقتور اور ادارے کمزور ہیں جس کے باعث آئین کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو رہا۔ ادارے مضبوط ہوں تو آئین محفوظ ہوجاتا ہے مگر افسوس مقتدر سیاسی شخصیات کو اداروں کی مضبوطی کبھی ایک آنکھ نہیں بھائی۔ عوامی مفاد میں قانون سازی کرنے کا دعویٰ درست نہیں پارلیمنٹ نے مراعات یافتہ طبقے کے حقوق کو تحفظ دینے کیلئے قانون سازی ضرور کی ہے۔ مقتدر سیاسی قوتوں نے عوام کو لوڈ شیڈنگ، ہوشرباء مہنگائی اور عدم تحفظ کے تحفے دیئے ہیں جن کے باعث کروڑوں افراد کا جینا دو بھر ہوچکا ہے۔ اگر عوام کے حقوق کیلئے قانون سازی کا عمل جاری رہتا تو آج پاکستانی عوام حقوق کو ترس نہ رہے ہوتے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی باتیں کرنے والے عوام دشمن نظام انتخاب کو بدلنے کی بات کیوں نہیں کرتے جو ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ عوام اصل دشمن کو پہچانیں وگرنہ اسمبلی میں پارٹیوں کی پوزیشن کا تناسب ہی تھوڑا بہت بدلے گا اور ملک حقیقی تبدیلی سے بہت دور چلا جائے گا۔ عوام تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم میں شامل ہوکر نظام انتخاب کو بدلنے کی فیصلہ کن جدوجہد میں شامل ہو جائیں تو حقیقی تبدیلی ان کا مقدر بن جائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top