منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد کا مطالعاتی دورہ اور تاریخی چرچ کے راہبوں سے ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے تحت گذشتہ 12 سال سے دین اسلام کا پیغام امن پھیلانے کے لئے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف مذاہب کے ماننے والے شرکت کرتے ہیں، جن میں عیسائی (مسیحی)، یہودی، سکھ، بدھ اور ہند ومذہب کے ماننے والے شامل ہیں۔ اسی طرح منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ذیلی شعبہ جات منہاج القرآن یوتھ لیگ، اور منہاج مصالحتی کونسل کے تحت مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں کے معلومات و مطالعاتی دورہ جات بھی کئے جاتے ہیں، اسی طرح بلدیہ بارسلونا کے ادارہ برائے بین المذاہب امور کے تعاون سے مقامی سکولوں کے پرائمری اور سیکنڈری جماعتوں کے طلباء وطالبات کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے مطالعاتی دورہ جات بھی کرائے جاتے ہیں۔

مورخہ 19 جولائی 2012ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری کے دورہ سپین کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد نے کاتالونیا (سپین) کے تاریخی ، مذہبی اور تفریحی مقام Montserrat کا دورہ ترتیب دیا، وفد میں سفیر یورپ کے علاوہ سرپرست منہاج القرآن سپین محمد نواز کیانی، نائب صدر حاجی اختر زاہد، جنرل سیکرٹری نوید احمد اندلسی، حاجی نذیراداسی، محمد ضیاء اور معروف صحافی شفقت علی رضا شامل تھے۔ منہاج القرآن کے وفد نے پہاڑی کے مختلف حصوں کی سیر و تفریح کے بعد سطح سمندر سے 3200 فٹ بلندی پر Sant Joan کے مقام پر باجماعت نماز ظہر ادا کی جس کی امامت علامہ حافظ نذیر احمد خان نے کرائی، نماز اور دن کے کھانے کے بعد وفد کے اراکین اس جگہ سے نیچے 2400فٹ کی بلندی پر واقع سن 880 عیسوی میں قائم ہونے والے تاریخی چرچ کے دورہ کے لئے روانہ ہوئے۔

چرچ کے مرکزی دروازہ پر راہب Ramon Oranias نے وفد کااستقبال کیا، انہوں نے وفد کے اراکین کو چرچ کے تمام گوشوں کا تفصیلی دورہ کرایا، مختلف ذمہ داریوں پر فائز راہبوں سے ملاقات کرائی اور انہیں چرچ کی تاریخ، Montserrat پہاڑی کی تاریخی وجغرافیائی اہمیت اور چرچ کے تحت جاری مختلف تعلیمی وفلاحی منصوبہ جات کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں منہاج القرآن کی امن عالم کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے دنیا بھر میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری نے قرآن مجید کی روشنی میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم علیہا السلام کی شان بیان کی۔

دورہ کے اختتام سے قبل علامہ حافظ نذیر احمد خان نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جاری کئے جانے والے فتویٰ کا تعارف کرایا اور چرچ کی لائبریری کے لئے فتویٰ کی کتاب پیش کی، چرچ کے راہب Roman Oranias نے وفد کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top