رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں : جی ایم ملک

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے رمضان المبارک میں طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو حکومت کے غریب کش اقدامات قرار دیا ہے۔ سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بدترین لوڈشیڈنگ حکومت کی ناکامی ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو سحری و افطاری اور تراویح میں شدید مشکلات درپیش ہیں جس کی شرعی اور آئینی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ وہ گذشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے۔عبادات کی کثرت اس ماہ مقدس میں مسلمانوں کیلئے نجات و بخشش کا ذریعہ ہے، مگر بجلی کا غائب ہوناحکمرانوں کی طرف سے عوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے ہوشرباء اضافہ عذاب سے کم نہیں، جس کے ذمہ دار حکمران ہیں۔ جی ایم ملک نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر ہر پاکستانی دل گرفتہ ہے۔ پر امن حل کیلئے سیاسی جماعتیں اور حکومت موثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ایثار و قربانی اور خود احتسابی کا تقاضہ کرتا ہے۔ ضرورت رمضان المبارک کی حقیقی روح پر عمل کرنے کی ہے، اگر ہم رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں اپنے حقوق و فرائض ادا کرنے کا پختہ عہد کر لیں تو آنے والے مہینے ہمارے لئے خوشیوں کا پیغام لا سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top