منہا ج القرآن انٹرنیشنل (بادالونا، سپین) کے زیراہتمام رمضان المبارک کے پہلے جمعۃ المبارک کے اجتماع میں ہزاروں افراد کی شرکت

مورخہ 20 جولائی 2012ء کو بادالونا میں ہزاروں مسلمانوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل (بادالونا، سپین) کے زیر اہتمام Sant Roc میں واقع سیکنڈری سکول B9 کے گراؤنڈ میں نماز جمعہ ادا کی۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے منہاج القرآن بادالونا کے امام حافظ محمد معروف اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری نے خطاب کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمداقبال چودھری نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جگہ کے حصول میں پیش آنے والی تمام مشکلات سے عوام کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر مختلف سپانش ٹیلی ویژن چینلز اور اخبارات کے نمائندے بھی موجود تھے۔

نماز جمعہ کے بعد ہسپانوی کاتالان میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اقبال چودھری(صدر منہاج مصالحتی کونسل، سپین) نے بتایا کہ بلدیہ بادالونا کی طرف سے رمضان المبارک میں نماز جمعہ اور نماز تراویح ادا کرنے کے لئے یہ جگہ 30 یورو فی گھنٹہ کے کرایہ پر فراہم کی گئی ہے اور اس کے لئے منہاج القرآن سپین کی طرف سے 6000 یورو بطور گارنٹی جمع کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں کمیونٹی ضرورت اور مقامی انتظامیہ سے تنازع سے بچنے کے لے یہ جگہ قبول کی گئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہا ر کیا کہ منہاج القرآن کی طرف سے رمضان المبارک کے بعد بھی وسیع جگہ حاصل کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ بادالونا کے مسلمان گذشتہ تین سال سے Plaza Camaron de la isla میں نماز جمعہ ادا کرتے تھے لیکن ایک سال قبل پاپولر پارٹی(دائیں بازو کی جماعت) کے اقتدار میں آنے کے بعدبلدیہ بادالونا نے کھلے گراؤنڈ میں نماز جمعہ پڑھنے پر اعتراض کرنا شروع کردیا تھا اور کئی دفعہ تنبیہ کرنے کے بعد 16جولائی 2012ء کو مذکورہ گراؤنڈ میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی لگادی تھی۔ اس سلسلہ میں منہاج القرآن بادالونا اوربادالونا میں پاکستانی کمیونٹی کی دیگر تنظیمات نے بلدیہ بادالونا سے طویل مذاکرات کے بعد B9 نامی سکول کے گراؤنڈ میں میں رمضان المبارک میں نماز تراویح، نماز جمعہ اور نماز عید الفطر پڑھنے کی عارضی اجازت حاصل کر لی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top