دورس عرفان القرآن منڈی بہاؤ الدین: تیسرا دن
رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں رجوع الی القرآن، فہیم دین، اصلاح احوال امت کے لئے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن منعقد ہو رہے ہیں جس کے تیسرے روز مورخہ 24 جولائی 2012 کو بمقام ایگل فٹ بال گراؤنڈ گوڑھا باغ میں درس قرآن کا پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ شبیر احمد ناظم ویلفیئر تحریک منہاج القرآن نے حاصل کی جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں شاہد عمران چشتی نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد احسان رضوی متعلم کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج یونیورسٹی لاہور نے سرانجام دیے۔ اس درس عرفان القرآن کے مہمان خصوصی نائب امیر منہاج القرآن صوبہ پنجاب چوہدری محمد وسیم ہمایوں تھے۔
شاگرد رشید شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علامہ محمد فیاض بشیر قادری نے "خدمت دین اور انفاق فی سبیل اللہ" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر اور دعوت الی الخیر کا نظام معاشرے میں قائم کرنا بھی خدمت دین کے تصور کو اجاگر کرتا ہے۔ اور اس نظام کو اس وقت تک عملی طور پر نافذ نہیں کیا جا سکتا جب تک دین کا نظام معاشرے میں غالب نہ آ جائے۔ اس لیے غلبہ دین کے لئے ضروری ہے کہ اپنا مال خرچ کیا جائے اور اپنے مال کے ذریعے مجاہدین دین و ملت اور معاشرے کے خستہ حال لوگوں کو معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دین اسلام کے غلبہ کی تحریک ہے۔ جو معاشرے میں دین مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر سطح پر غالب کرنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آغوش اور بیت الزہرا کمپلکس کا مکمل تعارف بھی پیش کیا۔ درس عرفان القرآن میں منہاج القرآن سے محبت رکھنے والوں کے علاوہ کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ منڈی بہاؤالدین کے لوگوں نے منہاج القرآن کی اس کاوش کو بہت سراہا اور دروس عرفان القرآن کے انعقاد کی تقریبات پر مبارک باد پیش کی۔ دروس عرفان القرآن کے تمام پروگرامز تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہان القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تحصیل منڈی بہاؤالدین کے زیراہتمام منعقد ہو رہے ہیں۔ درس القرآن کا اختتام دعا خیر سے ہوا۔
رپورٹ: حافظ شبیر احمد جنجوعہ (منڈی بہاؤ الدین)
تبصرہ