دروس عرفان القرآن (چیچاوطنی): پانچواں دن

رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں تحریک منہاج القرآن چیچاوطنی کے زیراہتمام ٹینکی پلاٹ نزد مرکز اہلسنت نورالمساجد میں نماز فجر کے بعد پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی آخری نشست کا آغاز قاری علم دین قادری نے تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم پیش کرنے کی سعادت سے کیا، جبکہ اصغر علی قادری اور نعمان اصغر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا نعتیہ کلام پیش کیا۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ سکالر علامہ محمد رضا قادری نے "خدمت دین اور انفاق فی سبیل اللہ" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امت مسلمہ کا وقار بحال کرنے کیلئے مسلمانان عالم محنت و توجہ سے اسلامی تعلیمات کے تحت اور جدید تقاضوں کے مطابق علم کی دولت سے فیض یافتہ ہوں اور خدمت دین کی سعادت حاصل کریں۔ انہوں نے خدمت دین کے تقاضے بیان کرتے ہوئے کہا ہمیں تعلیم یافتہ ہوکر دعوت واشاعت دین نیکیوں کا فروغ اور ہر شعبۂ زندگی میں برائیوں کے خلاف جہاد کرنا چائیے۔

انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمانان عالم اتحاد ویگانت اور اتفاق ومحبت کے ساتھ مل جل کر رہیں۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں جدوجہد کررہی ہے جو امت مسلمہ کو ایک تسبیح میں پرونا چاہتی ہے اور یہی اسلام کی اصل روح ہے جو کہ محبت ورضائے الہی عزوجل، محبت واتباع رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم، محبت والفت اہل بیت اطہار وصحابۂ کرام رضوان اللہ تعالی عنہم اور محبت وپیروی اولیاء عظام رحمتہ اللہ تعالی عنہم سے ہی ممکن ہے۔

علامہ محمد رضا قادری نے پاکستان کے موجودہ حالات بیان کرتے ہوئے شرکاء درس کو شریعت کے نفاذ یعنی مصطفوی انقلاب کی جدوجہد میں تحریک منہاج القرآن کا بھرپور اور عملی ساتھ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ موجودہ انتخابی نظام کو مسترد کردیں۔ اس ظالمانہ استحصالی نظام نے آج تک عوام کو فائدہ دینے کی بجائے حکمران طبقوں اوران کے چیلوں کو ہی نوازہ ہے۔ جمہوریت کے نام پر موجودہ نظام فراڈاور ظلم ہے اسے بدلنے کے لئے ہر شعبہ زندگی سے قابل ایماندار لوگوں پر مشتمل نگران حکومت بنائی جائے، جو اس ظالمانہ نظام کو بدل کر متناسب نمائندگی کا نظام بنا کر شفاف انتخابات کرائے۔ انہوں نے ادائیگی زکوۃ اور انفاق فی سبیل اللہ (عزوجل) کی اہمیت بیان کرتے ہوئے مال دار افراد کو معاشرے کے غریب مستحق افرادکی ضروریات پوری کرنے کی تلقین کی۔

پروگرامیں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے عقیدت وشوق سے شرکت کی۔ تمام پروگرامزکے انعقاد میں تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ چیچاوطنی نے ذوق و شوق اور ولولے کے ساتھ کام کیا۔

آخر پر اس ماہ میں تحریک منہاج القرآن کی تاحیات اور سالانہ رفاقت حاصل کرنے والوں میں مہمان خصوصی علامہ محمد رضا قادری نے اسناد اور رفاقت تقسیم کیں اور پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام پرسوز درودوسلام اور رقت انگیز دعاسے ہوا۔

رپورٹ۔ حبیب الرحمان سعیدی (ناظم نشرواشاعت تحریک منہاج القرآن چیچاوطنی)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top