منہاج القرآن (سپین) اور کاتالونیا کی مسلم اور غیر مسلم تنظیمات کی طرف سے افطار عام کا اہتمام

مورخہ 26 جولائی 2012ء بروزجمعرات منہاج القرآن انٹرنیشنل(بارسلونا،سپین) اور کاتالونیا کی دیگر مسلم اور غیر مسلم تنظیمات کی طرف سے بارسلوناشہر کے مرکزی مقام رمبلا رابال پر افطار عام کا اہتمام کیا گیا۔ افطار عام کا انعقاد منہاج القرآن انٹرنیشنل(سپین)، اسلامک کونسل آف کاتالونیا، خواتین کی تنظیم Acesop، ابن بطوطہ ایسوسی ایشن، چرچ کیرم، راول کی مسیحی تنظیم ، فلپائن کمیونٹی کی تنظیم اور Fundaciot Tot Taval نے مشترکہ طور پر کیا۔

پروگرام کے مہمان خصوصی بارسلونا ضلع Ciutat Vella کی انتظامی سربراہ Merce Homs ، حکومت کاتالونیا کے ڈائریکٹر جنرل برائے امیگریشن Xavier Bosch اور حکومت کاتالونیا کے ڈائریکٹر جنرل برائے مذہبی امور Xavier Puigdollers تھے۔ ان کے علاوہ تقریب میں آرگنائزر تنظیمات کے سربراہان، مقامی سیاسی جماعتوں کے قائدین اور میڈیا کے نمائندگان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں سوشلسٹ پارٹی کے Jose Maria ، ڈائریکٹر جنرل برائے مذہبی امور بلدیہ بارسلوناIgnasi Garcit ، سابق ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور Jordi Lopez ، کاتالان پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے Miquel ، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائمقام صدر محمد ظل حسن قادری، پاک فیڈریشن سپین کے صدر چودھری عبدالغفار مرہانہ ، ادارہ ہم وطن کے دائریکٹر جاوید مغل، ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد نذیر ساحل، سینئر صحافی ظفر اقبال حسن،مرزا ندیم بیگ، اورکامران برکت شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرحمان نے حاصل کی، جس کے بعد محمد اقبال چودھری (صدر منہاج مصالحتی کونسل، سپین)، محمد حل حول(اسلامک کونسل کاتالونیا)، Ana Royo (چرچ کارما)، ڈی جی امیگریشن اور ڈی جی مذہبی امور نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، مقررین نے افطار عام کی تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تنظیمات کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس تقریب سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مسلمانوں کوبھی دیگر شہریوں کی طرح یہاں کے عوامی مقامات پر اپنے اجتماعات منعقد کرنے کا حق حاصل ہے اور آج کھلی جگہ پر افطار عام کا انعقاد کر کے ان لوگوں نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ اسلام امن، ہم آہنگی، اور مکالمے کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ایسی تقریبات اچھی ہمسائیگی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ ساتھ ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں مزید جاننے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔

تقاریر کے بعد الحاج قاری عبدالرحمان نے اذان دی جس کی گونج میں رمبلا رابال پر موجود سینکڑوں فرزندان اسلام نے کھجوروں،پاکستانی سموسوں ،عربی حریرہ اور مشروبات سے افطاری کی، جبکہ مقامی لوگ بھی ان کی اس افطاری میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر اسلامی کونسل کاتالونیا اور Acesop کی خواتین نے احسن طریقے سے افطاری کے لوازمات کی تقسیم کی۔ تقریب میں نقابت کے فرائض محمد اقبال چودھری نے سرانجام دیئے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top