منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آغوش کی تعارفی تقریب

مورخہ: 27 اگست 2008ء

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام لاوارث اور یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے عظیم الشان منصوبے "آغوش" کی تعارفی تقریب 27 اگست 2008ء کو لاہور میں ہوئی۔ اس تقریب کو الحمراء ہال نمبر 2 میں منعقد کیا گیا۔ امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے اس پروگرام کی صدارت کی جبکہ سینیٹر سجاد بخاری مہمان خصوصی تھے۔ نائب امیر تحریک بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد اقبال احمد خان، قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد عاقل ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملک شمیم احمد خان، کوآرڈینیٹر آغوش صفدر عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ساجد حمید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن توقیر احمد اعوان، ڈائریکٹر پروڈکشن شفیق الرحمن سعد، ممبر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن میاں افتخار، صحافی امجد اقبال، بلال چوہدری اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کے علاوہ ملک بھر سے مختلف طبقہ ہائے فکر کی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد عاقل ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کا "آغوش" کی تعارفی تقریب میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔ اور کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک بین الاقوامی فلاحی تنظیم ہے جو سماجی اور معاشی اعتبار سے پسماندہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے تعلیم، صحت اور فلاح عام کے سینکڑوں منصوبہ جات پر ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ اس سلسلے میں اپنے سینکڑوں جاری فلاحی منصوبوں کے ساتھ ساتھ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے آغوش کے نام سے ایک ایسا ادارہ بھی قائم کیا ہے جس میں والدین کے سائے سے محروم بچوں کی کفالت اورتعلیم وتربیت کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے۔ اس ادارے میں بچوں کی صرف جسمانی ہی نہیں بلکہ تعلیمی، تربیتی، ذہنی، نفسیاتی اور روحانی ضروریات کا بھی ہر ممکن خیال رکھا جاتا ہے۔ اس ادارے کا نصب العین ان بچوں کو مفید اور معزز شہری بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہر وقت سرگرم عمل ہیں۔ فاؤنڈیشن دنیا بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے جہاں کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں ہم فوری طور پر ریلیف فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف غریبوں اور محتاجوں سمیت بے سہارا و لاوارث لوگوں کی خدمت کے جذبے سے میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آغوش میں زیادہ تر زلزلہ زدہ علاقوں کے یتیم بچے ہیں۔ آغوش سمیت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے دروازے ہر وقت دکھی انسانیت کے لیے کھلے ہیں۔

تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے سینٹیر سجاد بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے آغوش کی صورت میں جو ملی فریضہ سر انجام دیا ہے وہ اکیلے ان کی ڈیوٹی ہی نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ منہاج القرآن نے اسلام کی خدمت کے لیے زندگی کے جن جن شعبوں کو منتخب کیا ہے وہ صرف اسی کا خاصہ ہے۔ ہم سب کو اپنے معاشرے میں ایسی محرومیاں ختم کرنے کے لیے کوششیں کرنی ہونگی۔ انہوں نے کہا شہید جمہوریت محترمہ بےنظیر بھٹو نے تحریک منہاج القرآن کے اندورن و بیرون ملک سماجی و فلاحی سرگرمیوں سے متاثر ہو کر لائف ممبر شپ لی تھی۔ انہوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ ہم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ذاتی اور حکومتی سطح پر ہر طرح کی معاونت کریں گے۔

امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے شرکاء سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا امیتاز ہے کہ انہوں نے معاشرے کے محروم طبقات کو بھی اپنے ساتھ ملایا ہے۔ یہ اصل اسلام اور سنت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ یتیم سے محبت کے ساتھ پیش آنا قرآن پاک کا حکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری یتیم بچوں اور بالخصوص آغوش کے یتیم بچوں سے انتہائی شفقت سے پیش آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آغوش میں مقیم بچوں کو مفت تعلیم، رہائش اور کھانے سمیت ان کی کفالت کی جا رہی ہے۔ ہم اس منصوبہ کو توسیع دے کر جلد اسے پانچ سو بچوں تک پھیلا رہے ہیں۔

قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں متعدد مقام پر یتیم کی کفالت اور مساکین کی دستگیری کا حکم دیا ہے۔ اس حکم قرآنی کے پس منظر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آغوش کی بیناد رکھی۔ الحمد للہ آج ہم ان بچوں کی پرورش کر کے حکم قرآنی پر عمل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آغوش کے دروازے یتیم اور مستحق بچوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ ہم بغیر کسی امتیاز کے یہاں بچے لے رہے ہیں اور یہاں مقیم بچوں کو گھر جیسا ماحول دیا جا رہا ہے۔ ان کے لیے اعلیٰ کھانا، بہترین رہائش اور عمدہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا الگ انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ان منصوبہ جات کا حصہ ہے جس پر بجا طور پر فخر کیا جا سکتا ہے۔ ملک بھر میں ایسے ادارے قائم ہیں لیکن جس طرح ہم نے یہاں بچوں کے لیے ایک مثالی ماحول فراہم کیا ہے وہ صرف آغوش کا ہی خاصہ ہے۔

ناظم امورخارجہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ بفضل تعالیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القاادری کی زیرسرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یتیم اور لاوارث بچوں کی کفالت کے اس عظیم الشان منصوبے "آغوش" کے تحت یتیم اور معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے زیادہ سے زیادہ معصوم بچوں کو محفوظ چھت فراہم کر رہی ہے اور اعلیٰ تعلیم و تربیت کے ذریعے ان کے مستقبل کو محفوظ اور انہیں معاشرے کا کارآمد اور قابل فخر انسان بنا رہی ہے۔ یقیناً یہ ایک بہت بڑا فلاحی کام ہے جو بارگاہ خداوندی اور بارگاہ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بہت زیادہ مقبول ہے۔

تقریب میں انوار اختر ایڈوکیٹ، ساجد محمود بھٹی، شاہد لطیف قادری سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں اختتامی دعا سے تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

اخباری تراشے ملاحظہ فرمانے کے لئے کلک کریں۔

مزید تصاویر ملاحظہ فرمانے کے لئے کلک کریں۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top