دروس عرفان القرآن (لودہراں) : آخری دن

تحریک منہاج القرآن لودہراں کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی آخری نشست کا اہتمام مورخہ 31 جولائی 2012ء کو کیا گیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ اعجاز ملک مرکزی نائب ناظم دعوت نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔

تقریب میں سابق تحصیل ناظم سید اصغر شاہ گیلانی، شیخ افتخار الدین تاری نائب تحصیل ناظم راؤ احسان الحق صدر انجمن تاجران، صحافی مجید ناشاد، ملک غلام نازک آرائیں سابق یونین ناظم، چوہدری محمد اسلام زرعی انجینئر، خواجہ قاسم، چوہدری تنویر، چوہدری ارشد، حاجی شمشاد، ملک حافظ شیر محمد آرائیں، قاری نواز قادری، ملک شیر محمد گھلو، علامہ نصیر احمد بابر اور سید عاشق حسین بخاری نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کے آغاز پر ملک محمد اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن لودہراں نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اہل سنت والجماعت کو دلائل کے سمندر دے دیے مگر تنگ نظری، حسد اور تخریبی ذہنیت کے پروردہ عالم اسلام کی اس شخصیت کو سمجھ نہیں پا رہے۔ آج ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا تاکہ امت مسلمہ اور وطن عزیز میں خدا کی مخلوق کو سکون میسر آسکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ اعجاز ملک مرکزی نائب ناظم دعوت نے کہا کہ خواتین کے بغیر اقامت دین کا تصور ناممکن ہے، اسلام کو غلبہ دلانے میں خواتین برابر کی شریک ہیں۔ تاریخ اسلام میں امت مسلمہ کو بامِ عروج خواتین کے لازوال کردار کی بدولت ہی ملا۔ دین اسلام کو ابتدا میں ہی سیدہ خدیجۃ الکبریٰ کا سایہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ آدھا دین خواتین کے کردار سے عبارت ہے، آج اگر خواتین اپنے معاشرتی کردار کو اپنا لیں اور میدان عمل میں اتر آئیں تو وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز انقلاب سے آشنا ہوجائے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر آمادہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا میں اگر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی بہن حضرت زینب رضی اللہ عنہا میدان کارزار میں نہ اترتیں تو یزید کا اقتدار کبھی ختم نہ ہوتا۔ آج پاکستان کی خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ ریاست پاکستان کو بچانے کے لئے میدا عمل میں اترنا ہوگا۔

پروگرام کے آخر میں امن کی آشا کی خاطر فضا میں کبوتر بھی چھوڑے گئے، درودوسلام کے دوران حاضرین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گیئں۔ پروگرام میں مثالی سیکیورٹی کے انتظامات کرنے پر SHO سٹی تھانہ چوہدری حیدر علی کو عرفان القرآن کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

محفل کا اختتام رقعت انگیز خصوصی دعا سے ہوا۔

رپورٹ: مرزا محمد اسلم (میڈیا ایڈوائزر تحریک منہاج القرآن لودہراں)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top