دروس عرفان القرآن (ملتان) : پہلا دن
رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں دروس عرفان القرآن کا انعقاد کیا جا رہا ہے اسی سلسلہ میں 27جولائی تا 31 جولائی 2012ء تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کے زیراہتمام 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کے پہلے دن کی کاروائی دو نشستوں پر مشتمل تھی۔ پہلی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت ملتان کے معروف قاری حق نواز سعیدی نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج نعت کونسل ملتان کے چیئرمین محمد سجاد نقشبندی نے پیش کی۔
دوسری نشست سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید علامہ فیاض بشیر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا مگر بدقسمتی سے اتنے سال گزرنے کے بعد بھی ہم ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں قائم موجودہ نظام کرپٹ اور استحصالی طبقے کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہمارے تمام تر مسائل کی جڑ یہ استحصالی نظام ہے جس نے غریب عوام کو محکوم بنا رکھا ہے۔ اگر ہم اس ملک میں حقیقی قیادت چاہتے ہیں تو پھر ہمیں اس نظام کے خلاف بغاوت کرنا ہوگی اورمصطفوی انقلاب لانا ہوگا تاکہ یہ نظام ختم ہو اور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیا ہوا نظام نافذ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت ووٹ کا حق استعمال کرنا ظالموں اور استحصالی طبقات کا معاون بننے کے مترادف ہے۔ لہذا محب وطن عوام کو چاہیے کہ وہ آنے والے الیکشن میں ووٹ کی طاقت استعمال کرنے کی بجائے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے منع کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں اور اس نظام کے خلاف بغاوت کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج خدمت دین کیلئے انفاق فی سبیل اللہ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ہمیں اپنے وسائل خدمت دین کیلئے خرچ کرنے چاہییں تاکہ ہمارا معاشرہ مصطفوی معاشرہ بن سکے۔
اس موقع پر میجر محمد اقبال چغتائی، مخدوم شہباز ہاشمی، علامہ سعید احمد فاروقی، راؤ محمد عارف رضوی، پروفیسر جاوید اختر، چوہدری مشتاق سندھو، مصباح اسحاق، محمد سجاد نقشبندی، صاحبزادہ زیبر نقشبندی، محمد اشفاق، لیاقت علی قادری، علامہ قاری غلام شبیر سواگی، پروفیسر ہاشم سعیدی، قاری محمد ایاز چشتی، علامہ امیر اظہر سعیدی، شاہد ہاشمی، محمد یوسف نون، مہر فدا حسین، ڈاکٹر نعیم الحسن، فاروق ملک، راؤ عبدالخالق اور دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ