اسلامک لرننگ کورس برائے طالبات 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 03 جولائی 2012ء کو اسلامک لرننگ کورس منعقد ہوا جس کی قیادت مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ اور بالخصوص مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد اور نائب ناظمہ تربیت محترمہ افنان بابر نے کی۔ لرننگ کورس میں پاکستان بھر سے تقریباً 140 طالبات نے شرکت کی۔ کورس کے انعقاد کا مقصد طالبات کو اسلام کے صحیح پہلو سے متعارف کروانا، دینی اسلامی تعلیمات کو سکھانا، ان کی اخلاقی اور روحانی تربیت کرنا تھا۔

اسلامک لرننگ کورس کے پہلے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ اس کورس کا پہلا حصہ قرآن و حدیث سے متعلق لیکچرز پر مشتمل تھا جس میں علامہ محمد شریف کمالوی نے ’’آئیں دین سیکھیں کورس‘‘ کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ضرورت اور اہمیت پر نہایت مدلل اور عالمانہ گفتگو کی۔ ان کے بعد رانا محمد ادریس نے پرمغز گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کا تعارف پیش کیا اور ان کی امت مسلمہ کے لئے خدمات کو بڑے احسن انداز میں بیان کیا۔

محترمہ مصباح کبیر نے طہارت اور پاکیزگی کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی جس میں انہوں نے وضو اور غسل کے مسائل اور ان کا طریقہ بھی سکھایا۔ بعد ازاں فن خطابت کی پہلی بریفنگ نورالزماں نوری نے دی اور طالبات کو خطابت کا طریقہ سکھایا اور اس کے مختلف پہلوؤں کو زیر بحث لایا۔ فن نعت کا لیکچر دیتے ہوئے ظہیر بلالی نے طالبات کو اس کے رموز و اوقاف سے آگاہ کیا۔

دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس میں تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ محمد شریف کمالوی نے طالبات کو تجوید سکھاتے ہوئے ان کے قواعد وضوابط سے آگاہ کیا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے احسن انداز میں تلاوت کی جاسکتی ہے۔ تمام لیکچررز نے اپنے اپنے عنوان پر لیکچرز Deliver کیے، جن میں صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، محترم بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، محترمہ عائشہ شبیر، غلام تیمور ربانی اور ظہیر بلالی شامل تھے۔ محترمہ گلشن ارشاد نے پردہ اور نماز ادا کرنے کے طریقہ پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کئی اہم گوشوں سے آگاہ کیا جن کا اکثر لوگ نماز میں خیال ہی نہیں کرتے۔

تیسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ طالبات کو Personality Development کے خاص نکات بتائے گئے جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک اچھی شخصیت کی تعمیر ہو سکتی ہے۔ محترمہ عائشہ شبیر نے بڑے خوبصورت انداز میں طالبات کو بیداری شعور پر لیکچر دیا۔ جس میں انہوں نے بیداری شعور کے حوالے سے بھرپور Motivation دی۔ محترمہ رافعہ علی قادری نے حقیقت تصوف اور اصلاح احوال پر مدلل گفتگو کی۔

چوتھے دن کا آغاز بھی تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس Session میں اخلاق نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، شرک اور بدعت کیا ہے اور تعمیر شخصیت پر امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، محمد افضل قادری اور بشیر خان لودھی نے خصوصی لیکچرز دیئے۔ تحریک کی موجودہ حکمت عملی اور بیداری شعور پر ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے پرجوش لیکچر دیا جس میں انہوں نے طالبات کو اس سسٹم کے خلاف ووٹ نہ دینے پر زور دیا اور یہ پیغام آگے پہنچانے کی تلقین کی۔ محترمہ گلشن ارشاد نے تربیتی پراجیکٹس پر بریفنگ دی اور محترمہ افنان بابر نے فن خطابت پر طالبات کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔

پانچویں دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سید فرحت حسین شاہ اور محترمہ نرید فاطمہ نے خوبصورت لیکچرز دیئے۔ مرکزی ناظمہ MWL محترمہ نوشابہ ضیاء نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف پیش کیا اور طالبات پر واضح کیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کس نہج پر خواتین کی تربیت اور اصلاح کا کام کر رہی ہے۔

اس Session میں دختر شیخ الاسلام فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت طالبات کے لئے انتہائی Motivation کا باعث تھی۔ انہوں نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت کے شخصیت پر اثرات کے عنوان پر خوبصورت انداز میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ہی اطاعت کے لائق ہے کیونکہ اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اصل میں اطاعت الہٰی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تاکہ ان کی شخصیت کے پہلوؤں کے فیض سے ہمارا معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکے۔

لرننگ کورس کے چھٹے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ تمام لیکچررز نے اپنے اپنے عنوان پر گفتگو کی جس میں طاہر حمید تنولی، محمد فاروق رانا، محترمہ افنان بابر اور ظہیر بلالی شامل تھے۔ لرننگ کورس کے شام کے Session میں شیخ الاسلام کے خطابات سنوائے گئے اور حلقہ درود کا انعقاد بھی کیا گیا۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کے ساتھ طالبات کی خصوصی نشست بھی رکھی گئی جس میں طالبات نے تحریک منہاج القرآن کے حوالے سے سوالات کئے جس پر انہوں نے طالبات کو تسلی بخش جوابات دیے۔ اسلامک لرننگ کورس کی فائنل تقریب میں ساجد محمود بھٹی اور محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی اور لرننگ کورس کے سلیبس آئیں دین سیکھیں کورسز، فن خطابت اور فن نعت میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

 

سیشن کے اختتام پر محترمہ افنان بابر نے بارگاہ خداوندی میں عاجزی وانکساری سے دعا کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کامیابی اور کامرانی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے عرض کی کہ اے باری تعالی ہمیں اسی طرح مشن مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لئے خدمات سرانجام دیتے رہنے کی توفیق دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top