شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین کی یوم آزادی کی دعائیہ تقریب میں شرکت

مورخہ: 14 اگست 2012ء

شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین نے65 ویں یوم آزادی کی دعائیہ تقریب میں اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعا مانگی۔ اللہ کی رضا کے حصول کیلئے ملک بھر اور بیرونی دنیا سے شہر اعتکاف میں آنے والوں نے ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی اور پاکستان کی نعمت عظیم ملنے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد نے دعا کرائی۔ اس دوران جامع المنہاج کا وسیع و عریض صحن معتکفین سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ ہزاروں معتکفین اپنے کمروں میں بھی اللہ کے حضور ہاتھ اٹھائے ہوئے تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ 65 سال سے ہم حقیقی آزادی سے محروم ہیں اور مقتدر طبقات وطن عزیز کے وجود کو گدھوں کی طرح نوچ رہے ہیں یا اللہ ہمیں شعور و بصیرت اور حب الوطنی کا جذبہ عطا کر تاکہ ہم ان سے نجات پا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کے حضور شرمسار ہیں کہ اس کی دی ہوئی عظیم نعمت کی قدر نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں ذاتی، خاندانی اور جماعتی مفادات ملک پر قربان کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ دعا کے دوران شہر اعتکاف میں سسکیوں اور آہوں کی واضح آوازیں آ رہی تھیں اور ہر آنکھ پاکستان اور عوام کی حالت زار پر اشکبار تھی۔ ہزاروں معتکفین نے پاکستان کو 1947 کا پاکستان بنانے کا عہد کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ساجد محمود بھٹی، انوار اختر ایڈووکیٹ، راجہ زاہد اور دیگر قائدین بھی موجود ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top