منہاج القرآن انٹرنیشنل(حیدر آباد، انڈیا) میں کامیاب مسنون اعتکاف2012ء
منہاج القرآن انٹرنیشنل(حیدرآباد، انڈیا) اور جامع مسجد وزیر النساء دبیر پورہ میں اجتماعی مسنون اعتکاف 2012ء کا انعقاد کیا گیا جس میں 150 کے قریب معتکفین نے پورے شرعی احکام اور آداب کے ساتھ مسنون اعتکاف کی تکمیل کی۔
معتکفین کی روحانی ترقی کے ساتھ تعلیمی تربیت کے لئے مختلف مجالس وحلقوں کا انعقاد کیا گیا، ایک جامع نظام العمل کے تحت روزانہ کے معاملات کو منظم طریقہ سے انجام دیا گیا، بعد نما زتراویح مختلف علماء ومشائخ کے خطابات سے معتکفین نے بھرپور استفادہ کیا۔ سید آل مصطفی قادری الموسوی علی پاشا، مولانا حافظ سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی، حافظ مولانا سید رضوان پاشا، مولانا شاہ محمد مصطفی شریف (صدر دائرۃ المعارف)، مولانا سید شاہ علی حسینی، مولانا سید اعظم علی صوفی (صدر کل جمعیۃ المشائخ)، مولانا حبیب موسیٰ الحسینی، مولانا محمد حامد حسین حسان فاروقی (امیر دعوت اسلامی)، حافظ وقاری مولانا عرفان علی قادری اور سید شاہ حیا ت اللہ قادری نے خطابات کئے۔
ہر روز نماز عصر کے بعد درس فقہ میں مولانا عبدالعزیز خان (مدرس مدرسۃ الامام انوار اللہ) نے معتکفین کو ضروری دینی مسائل سے واقف کرایا۔ فکر آخرت کے سلسلہ کے تحت مفتی محمد نذیر خان نے آیا ت قرآنی کی روشنی میں مومنانہ صفات اور فلاح اخروی کے ضامن اوصاف بیان کئے۔ نماز تراویح میں حافظ وقاری محمد علیم الدین صدیقی اور محمد خلیل اللہ قادری نے مکمل قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کی۔ اجتماعی ذکرودعا اور محافل نعت سے بھی معتکفین نے بہت سرور پایا۔
اس دس روزہ مسنون اعتکاف میں سحر وافطار میں عمدہ طعام کا انتظام کیا گیا اور معتکفین کی تمام ضروریات و سہولیات کا بھر پور خیال رکھا گیا اور کوشش کی گئی کہ معتکفین ہر طرح کی فکر سے بے نیاز ہو کررضائے الٰہی کے حصول اور مسنون اعتکاف میں اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پوری طرح مشغول ہو جائیں۔ معتکفین کو روزانہ عشاء کی نماز کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے اخلاقی وروحانی تربیت کے موضوع پر لیکچر دکھائے گئے۔ مسنون اعتکاف کے جملہ انتظامات صدر منہاج القرآن حیدر آباد سید عبدالرشید قادری ودیگر کارکنان منہاج القرآن کی نگرانی میں انجام دیئے گئے۔
رپورٹ: منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا
تبصرہ