ویمن شہر اعتکاف 2012ء (پانچواں دن)

مورخہ: 13 اگست 2012ء

شہر اعتکاف کے پانچویں دن مورخہ 13 اگست 2012ء کو تمام معتکفات کو شب 2:30 پر نمازِتہجد کے لیے بیدار کیا گیا۔ نمازِتہجد کی ادائیگی کے بعد سحری اور نمازِ فجر خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی۔ بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب Minhaj TV کے ذریعے براہِ راست نشر کیا گیا۔

شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں اعتکاف کے لیے کروائی گئی نیتوں میں سے مزید دو نیتوں کو تفصیلاً بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجالسِ ذکر میں اچھے دوست تلاش کرنے چاہیئں، کیونکہ نیکو کار و متقین کے ساتھ دوستی کی بناء پر اللہ رب العزت روزِ محشر ان کے ساتھ کھڑا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ پاک جس کے ساتھ نیکی کا ارادہ کر لے اسے صالحین کا دوست بنا دیتا ہے۔

خطاب کا اختتام تقریباً 06:45 پر ہوا اور معتکفات کو آرام کے لیے ان کے حلقہ جات میں بھیج دیا گیا۔ 12:00 بجے خواتین کو تربیتی حلقہ جات کے لیے بیدار کیا گیا۔ یہ سلسلہ 02:00 بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں معتکفات کو انفرادی وظائف اور تلاوتِ قرآن مجید کے لیے وقت دیا گیا، جبکہ اعتکاف میں موجود تنظیمات کے ساتھ مرکزی ویمن لیگ کی تنظیمی نشست رکھی گئی، تقریباً 04:00 بجے معتکفات کو پنڈال میں باجماعت صلوٰۃ التسبیح ادا کروائی گئی۔ بعد ازاں نمازِ عصر ادا کی۔ نمازِعصر کی ادائیگی کے بعد صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے فلسفہ وحدت و اجتماعیت کو جاری رکھتے ہوئے اپنی گذشتہ گفتگو کو ہی آگے بڑھایا۔

خطاب کے اختتام پر معتکفات افطار کے لیے اپنے حلقہ جات میں تشریف لے گئیں۔ بعد ازاں باجماعت نماز عشاء اور صلوٰۃ التراویح ادا کی گئی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد شیخ الاسلام کے اہلِ خانہ کی معتکفات کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ ملاقات کے لیے صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، محترمہ فضا حسین قادری اور گلستانِ طاہر کی ننھی کلی محترمہ سکینہ حسین تشریف لائیں۔ مہمانانِ گرامی کی آمد کے سلسلے میں اسٹیج کو تازہ پھولوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا اور پُرجوش نعروں کی گونج میں شاندار استقبال کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ بعدِ ازاں شمائلہ عباس نے اپنی ساتھیوں اور تمام معتکفات کے ساتھ مل کر اپنے قائد سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے والہانہ انداز میں نغمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مرکزی ناظمہ ویمن لیگ نے مہمانانِ گرامی کو ویمن اعتکاف 2012 کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ دورانِ تقریب صاحبزادہ حسن محی الدین قادی نے معتکفات سے نہایت فکر انگیز گفتگو کرتے ہوئے انہیں باوقار انداز اپنانے، فیشن کی بے جا تقلید سے اجتناب، عفت وحیا کا پیکر اور Ideal Muslim Women بننے کی تلقین کی۔

اس نشست کے بعد 25 ویں شب کی نسبت سے محفلِ ذکر ونعت کا اہتمام کیا گیا، جو وقتِ سحر تک جاری رہی۔ محفل کے اختتام پر نہایت پر سوز ذکرِ الہی اور رقت آمیز دعا کروائی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top