منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کو عید پیکج کی تقسیم
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مورخہ 07 اگست 2012، 19 رمضان المبارک کو Help Feed پروجیکٹ کے تحت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد عزیز کی جانب سے 50 خاندانوں میں عید پیکیج تقسیم کیا گیا۔ یہ عید پیکج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر پوری دنیا میں جاری منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہیلپ فیڈ پراجیکٹ 2012ء کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں میں تقسیم کیا گیا جن میں سے ایک تقریب لاہور مرکز پر منعقد کی گئی۔
عید پیکیج میں ایک فیملی کے لیے ایک ماہ کا راشن دیا گیا جس میں 20 کلو آٹا، 10 کلو چاول، 5 کلو چینی، 5 کلو گھی، دالیں، شربت، مرچ مصالہ جات چائے کی پتی، نمک اور دیگر اشیاء شامل تھی۔ عید پیکیج کی تقسیم کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری، سینئر نائب ناظم انجینئر افضال غوث، نائب ناظم خرم شہزاد، نائب ناظم محمد احمد معین، سیکرٹری حسن خان، ڈاکٹر طارق قریشی اور ارشاد علی بابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ معاشرے کے ان طبقات کا دکھ بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے جو زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ عید پیکج کی تقسیم کا مقصد غریب خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا تھا۔ اس کے ساتھ مخیر حضرات کو یہ شعور بھی دینا مقصود ہے کہ رمضان کا مہینہ انہیں رضائے الہی کے حصول کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ وہ غریبوں کی مالی مدد کر کے ان کے چہروں پر خوشیاں لا کر حقیقی خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کی روح قربانی ہے، اپنی ضروریات کو محدود کر کے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو باعزت مقام دلانے کیلئے جدوجہد کرنا ہی زندگی کا مقصد ہونا چاہیے اسکے آغاز کیلئے رمضان المبارک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ وہ غریبوں کی مالی مدد کر کے ان کے چہروں پر خوشیاں لا کر حقیقی خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر جہاں ہم اپنی خوشیوں کے لیے سامان کرتے ہیں وہاں ہم غریب خاندانوں کی مدد کر کے ان کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کر سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر امت مسلمہ، ملک پاکستان کے استحکام اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ