منہاج القرآن انٹرنیشنل (ڈنمارک) کے زیراہتمام یوم پاکستان کی تقریب

مورخہ: 14 اگست 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (ڈنمارک) کے زیراہتمام مورخہ 14 اگست 2012ء کو یوم آزادی پورے جوش وخروش سے منایا گیا۔ یہ خصوصی پروگرام ڈنمارک کی تاریخ میں پاکستانی کمیونٹی کا ایک منفرد اور خوبصورت اجتماع تھا۔ پروگرام سے قبل پاکستان کی 25 تنظیمات کے نمائندگان نے ایک میٹنگ میں نہ صرف اس اجتماعی پروگرام کو منہاج القرآن کے مرکز پر کرنے کی منظوری دی بلکہ اس میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

تقریب کی پہلی انفرادیت اس پروگرام کا کسی عام ہال کی بجائے مسجد کے ہال میں انعقاد پذیر ہونا تھا جس کا مقصد شہدائے تحریک پاکستان کی ارواح کے لئے ایصال ثواب، استحکام پاکستان کے لئے قرآن خوانی اور رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کرنا تھا۔ منہاج القرآن نارتھ ویسٹ کے میڈیا سیکرٹری محمد مرتضیٰ نے یوم پاکستان کے حوالہ سے ہال کو قومی پرچم، رنگ برنگی لائٹس اور دیگر آرائشی میڑیل سے خوبصورتی سے سجایا کہ یوم پاکستان کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے اور مسجد کے تقدس کوبھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ پروگرام کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں پہلے حصے میں قرآن خوانی، دوسرے میں نعت اور ملی نغمے اور آخری حصے میں کلمات تشکر، دعا اور ڈنمارک میں پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد واتفاق پیدا کرنے کے لئے مستحق لائحہ عمل طے کیا گیا۔

تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان مسلم لیگ (ق)، تحریک انصاف، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، تنظیم اسلامی، اسلامک کلچرل سنٹرکریٹاوائے، پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن، پاکستان ایمبیسی، مسلم کلچرل انسٹیٹیوٹ ویسٹربرو، اسلامک کلچرل سنٹر ویسٹ البرٹ سلنڈ، پاک ڈینش کلچرل سوسائٹی ایسہائے، اسلامک فورم ٹاسٹروپ، پاکستان سوسائٹی اور لاہور سوسائٹی کے عہدیداران اور کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔ قرآن خوانی کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے امیر علامہ عبدالستار سراج نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور معززین، سیاسی ومذہبی راہنماؤں کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت فخر القراء قاری ندیم احمد نے حاصل کی، علامہ فیض رسول نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ محفل نعت میں ڈنمارک کے مشہور اردو گلوکار طاہر شاہ کے علاوہ منہاج القرآن نارتھ ویسٹ کے صدر معظم بٹ، نوجوان نعت خوان اکرم خان، علامہ اویس قادری منہاجین، عمر زاہد بٹ، محمد جمیل قادری اور راجہ عمران نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ مشہور شاعر اختر شیرانی نے آزادی کے حوالہ سے کلام پیش کیا۔ جناح آئیڈیل سکول ڈنمارک کی ننھی بچی ندا ظہور اور اس کی ساتھی نے ملی نغمہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں پیش کیا۔

پروگرام کے اختتام پر منہاج القرآن ڈنمارک کے امیر علامہ عبدالستار سراج نے تمام حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ڈنمارک میں پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد واتفاق کے لئے تین تجاویز پیش کیں، جن میں میلادپاک کا سالانہ جلوس، کسی بھی مسلک کے خلاف محاذ آرائی سے اجتناب اور یوم آزادی کو مشترکہ پلیٹ فارم سے منانا شامل تھیں، جنہیں مشترکہ طور پر منظور کیا گیا۔ پروگرام میں مجیب الرحمن (صدر پاکستان پیپلز پارٹی)، محمد اشرف بٹ و محمدشفیق سیٹھی (مسلم لیگ ن)، راجہ شنائت (صدر مسلم لیگ ق)، سابقہ کونسلر کوپن ہیگن کمیون چودھری ولایت، علامہ احسان اللہ بیگ و محمد آفتاب ( اسلامک فورم ٹاسٹروپ) علامہ تنویرضیاء وگلزار شاہ (اسلامک کلچرل سنٹر کریٹا وائے)، تنظیم اسلامی کے صدر شہزاد عثمان بٹ و جنرل سیکرٹری امتیاز احمد سویہ ، تحریک انصاف کے میاں منیر اور سہیل بشیر، راجہ غفور (ریڈیو آپ کی آواز)، شیخ خرم (اسلامک تنظیم البرٹ سلنڈ، شیخ محمد اشفاق (پاکستان سوسائٹی)، حافظ سجاد احمد (نائب صدر منہاج القرآن)، محمد طارق کیانی (فقہ جعفریہ)، اکرام سرور (مقامی سیاستدان)، سلطان محمود گوندل، محمد حسن مہدی (کنٹری مینجرپی آئی اے)، سائر خان ومحمد اقبال (پاکستان ایمبیسی)، حاجی مشتاق (ایکسپریس ٹریول)، عبید الرحمان قریشی (مدنی مسجد)، محمد عام امیر (ناظم تعلیم منہاج القرآن ڈنمارک) نے خصوصی شرکت کی۔ اجتماعی دعا کے بعد پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

رپورٹ: محمد منیر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top