(جلال پور شریف) پنڈدادنخان میں آئیں حدیث سیکھیں کورس کی امتحانی تقریب

مورخہ 28 جولائی 2012ء بروز بدھ جلال پور شریف تحصیل پنڈدادنخان، ضلع جہلم بمقام الصفہ ماڈل سکول میں آئیں حدیث سیکھیں کورس کی امتحانی تقریب انعقاد پذیر ہوئی۔ امتحان میں 75 شرکاء شریک ہوئے جس میں بڑی تعداد بچیوں کی تھی۔ طلبہ وطالبات کی تدریس کا فریضہ علامہ محمد بشیر قادری اور علامہ ظہور احمد تبسم نے ادا کیا۔ حدیث مبارکہ سنانے کے لیے طلبہ وطالبات کو خوبصورت مسند پر بٹھایا گیا۔ چالیس احادیث متن، ترجمہ اور حوالہ کے ساتھ سنی گئیں۔ امتحانی تقریب میں امیر تحریک پنڈدادنخان چوہدری اصغر محمود مہمان خصوصی تھے۔ طلبہ و طالبات نے ایمان افروز انداز میں احادیث مبارکہ سنائیں۔ تقریب میں علامہ محمد بشیر قادری نے نقابت فرائض سرانجام دیئے۔

اس موقع پر علامہ محمد شریف کمالوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میری امت میں سے جس نے امور دینیہ کے متعلق چالیس احادیث زبانی یاد کیں اللہ تعالیٰ اسے فقیہ بناکر اٹھائے گا اور میں اس کی شفاعت کروں گا اور اس کے ایمان کا گواہ ہوں گا۔ انہوں نے طلبہ وطالبات کو حفظ حدیث پر مبارکباد پیش کی۔

علامہ احمد فاروق حیدر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے ایمان کو محفوظ کرنے اور پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق عشق وآدب مستحکم کرنے کے لیے تحریک منہاج القرآن نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مجددانہ کردار ادا کرتے ہوئے امت کا اپنی محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رشتہ پختہ تر کر دیا ہے۔ آج نوجوان نسل قرآن اور صاحب قرآن کا پیغام سننے کے لیے کشاں کشاں دوڑتے ہوئے شیخ الاسلام کے خطابات میں حاضر ہوتی ہے اور تعلق باللہ، ربط ورسالت اور رجوع الی القرآن کی تحریک کاحصہ بنتی جارہی ہے۔

رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top