منہاج القرآن انٹرنیشنل (برطانیہ) کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی و محفل سماع

منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیر اہتمام مورخہ 01 ستمبر 2012ء کو عید ملن پارٹی اور محفل سماع منعقد ہوئی۔تقریب میں منہاج القرآن فرانس کے بانی راہنماء حاجی گلزار احمد اور برطانیہ بھر سے علماء مشائخ اور منہاج القرآن کے کارکنوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

تقریب میں خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ دور تلوار اور گولی کی جنگ کا نہیں بلکہ تعلیمی اسلحہ کے استعمال کا ہے، امت مسلمہ کی نوجوان نسل کو دنیا میں اگر کوئی مقام حاصل کرنا ہے تو خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کرے۔ آج مغرب عالم اسلام سمیت دنیاپر محض اس لئے اپنی دھاک جمائے ہوا ہے کہ اس نے اپنی ترقی واستحکام کے لئے تعلیم کے اسلحہ کا انتخاب کیا جس کی وجہ سے اس کی معیشت مستحکم ہو گئی اور موجودہ دور میں مضبوط معیشت کسی بھی قوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو کہا کہ وہ تمام تر توانائیاں بروئے کار لا کر اعلیٰ تعلیم کے حصول کو یقینی بناتے ہوئے اپنے اپنے ممالک میں جہاں بھی وہ رہائش پذیر ہوں وہاں سرکاری ونیم سرکاری اور سیاسی اداروں میں کردار ادا کریں تاکہ وہ اپنی قوم اور کمیونٹی کے لئے بہتر طور پر مثبت کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے نوجوان نسل کے لئے موجودہ دور میں کوئی آئیڈیل اسلامی ملک یا حکومت نہیں ہے اور ہر جانب اقوام مسلم زیر عتاب ہے جس کی مرکزی وجہ تعلیم اور تحقیق سے خود کو دور کر لینا ہے۔ نوجوان نسل اپنی اسلامی تعلیمات اور روایات پر رہتے ہوئے خود کو مقامی معاشرے کا حصہ بنائے تاکہ دیگر طبقات سے فاصلوں میں کمی اور رشتوں و تعلقات میں مضبوطی اور اعتماد پیدا ہوسکے۔ تقریب میں منہاج القرآن کی علمی وتحقیقی اور سماجی خدمات کے لئے شاہد مرسلین، ساجد فیاض، داؤد حسین مشہدی، ابو احمد الشیرازی، فیروز خان،برمنگھم کی تنظیم کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب سے علامہ محمد افضل سعیدی، حاجی گلزار اور ساجد فیاض نے بھی خطاب کیا۔جبکہ فرانس کی منہاج نعت کونسل کے قوال گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پوتوں صاحبزادہ حماد مصطفی اور صاحبزادہ احمد مصطفی العرابی نے عید کا کیک کاٹا۔

رپورٹ: آفتاب بیگ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top