اقراء گرلز کالج لاہور میں تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورس

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام اقراء کالج نشتر ٹاؤن لاہور میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد یکم ستمبر 2012ء کو منعقد ہوئی۔ جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس علامہ محمد شریف کمالوی، علامہ عبدالمختار قادری معلم کورس، میاں محمد ارشد پرنسپل اقراء گرلز کالج کے علاوہ شرکاء کورس نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کا اعزاز محترمہ روبینہ مختار نے حاصل کیا۔ بعدازاں درود و سلام کا ورد بڑے احسن انداز میں کیا گیا، نعت رسول مقبول  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کا اعزاز مسز اسماء نے حاصل کیا۔

استقبالیہ کلمات میاں محمد ارشد پرنسپل اقراء گرلز کالج نے پیش کیے۔ بعدازاں علامہ محمد شریف کمالوی نے مدلل خطاب کیا اور شرکاء کورس کو بیدارئ شعور کے حوالے سے بریف کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی تاریخ میں لاہور کو ہمیشہ غیر معمولی اہمیت حاصل رہی ہے۔ قرارداد پاکستان اسی دھرتی پر منظور ہوئی تھی، قیام پاکستان کی حقیقی ابتداء کرنے والے ہمارے آباء و اجداد تھے۔ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی جدوجہد کے لیے اسی سرزمین کو منتخب کیا۔ وہ سرزمین لاہور کے ہی سپوت تھے۔ جنہوں نے 77 میں نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے شہادت کے جام نوش کیے۔ یہ سرزمین غازی علم الدین شہید کی ہے ۔ یہ سرزمین علی بن عثمان الہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی سرزمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے اہلیان لاہور اقبال رحمتہ اللہ علیہ نے جو خواب دیکھا تھا، لاہور نے قرارداد پاکستان کی شکل میں اس کی تعبیر کا سنگ بنیاد رکھا، اب اس کی تکمیل کا وقت ہے۔ اس صدی کے عظیم مجدد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جھنگ سے نکل کر عالم اسلام کی عظیم تجدیدی تحریک کے لیے سرزمین لاہورکو ہی منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے اہلیان لاہور آؤ اب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سنگ چلیں۔ یہ وقت تکمیل پاکستان کا وقت ہے اور تکمیل پاکستان کی یہ سعادت بھی اہل لاہور کے حصے میں آئی ہے، ہم نے ملک کا مقدر بدلنا ہے۔

علامہ شریف کمالوی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عوامی جمہوری انقلاب کی قیادت کے لیے جلد ہی ملک میں واپس آ رہے ہیں۔ دنیا اس حقیقت کا اعتراف کرتی ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علم و فکر میں بے مثال صلاحیت رکھتے ہیں۔ دنیا بھر میں OIC کے اجلاس ہوں یا UNO کے، ورلڈ اکنامک فورمز پر گفتگو ہو یا عالمی امن کانفرنس، واشنگٹن امریکہ کی جارج ٹاون یونیورسٹی میں لیکچرز ہوں یا ترکی میں انتہا پسندی کے خاتمے کی ورکشاپ، شیخ الاسلام پوری دنیا میں نہ صرف اسلام کی نمائندگی کر رہے ہیں بلکہ اسلام کا حقیقی دفاع فرما رہے ہیں۔ چند ماہ قبل انڈیا کے دورے میں ہر ہر اجتماع میں 10، 10 لاکھ سے زائد مسلمانان ہند جمع ہوتے رہے اور یہ واضح کیا کہ امت مسلمہ کا ایک ایک فرد شیخ الاسلام سے پیار کرتاہے اور ساری امت آپ ہی کو اپنا مسیحا مانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری وطن واپس آئیں تو ہمیں ملینیز افراد کو مینار پاکستان پر جمع کرنا ہے۔ آئیں! اپنی نسلوں کا مقدر سنوارنے کے لیے، 1947ء میں اللہ کی بارگاہ میں کئے ہوئے وعدے کو وفا کرنے اور ملک میں حقیقی عوامی جمہوری انقلاب کے لیے مینار پاکستان جمع ہوں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازئ عمر اور اپنے ملک میں امن و سلامتی کی دعا پر تقریب کا اختتام کیا گیا۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top