آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان قوم کو تلاش کر رہا ہے۔ جی ایم ملک

گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہوگا
موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہوسکتا
منشور کی سیاست کو موجودہ انتخابی نظام نے دفن کر دیا

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا ہے کہ آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان قوم کو تلاش کررہا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان تو ہیں مگر پاکستانی نہیں رہے۔ آج گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہوگا۔ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہوسکتا، عوام کو انتخابی اصلاحات کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگی۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بابر چوہدری، رفیق صدیقی، طیب ضیاء، اور دیگر طلبہ رہنماء بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہو نگے۔ بلوچستان کی صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں، عوام کو اپنی ترجیحات بدلنا ہو نگی۔ منشور کی سیاست کو موجودہ انتخابی نظام نے دفن کردیا ہے ۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کرادار ادا کرنا ہوگا۔

جی ایم ملک نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا ذمہ دار وہ مقتدر طبقہ ہے جو مرکز اور صوبوں میں اقتدار پر براجمان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے تسلسل نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے جبکہ ہوشرباء مہنگائی نے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا اور ملک و عوام کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے ایسی اجتماعیت کا ساتھ دینا ہوگا جو ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے سنجیدہ، مؤثر اور حقیقی جدوجہد کررہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top