تحریک منہاج القرآن (گوجرخان) کے زیراہتمام آزادی و دفاع پاکستان کانفرنس
گوجرخان (عبدالستار نیازی) تحریک منہاج القرآن مانکیالہ مسلم تحصیل گوجرخان کے زیراہتمام آزادی و دفاع پاکستان کانفرنس مورخہ 13 ستمبر بروز جمعرات دن 10 بجے منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارہ گاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ تحصیل ناظم گوجرخان چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ عوام کو جاگیرداروں، لٹیروں اور بدمعاشوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی میں اپنا کام بطریق احسن اور اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔
جماعت اسلامی گوجرخان کے رہنما راجہ محمد جواد نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو تباہی ہمیں نظر آرہی ہے اس سب کے ہم ہی ذمہ دارہیں۔ ہم اپنے منشور سے بہت دور نکل آئے ہیں۔ ہمارا کام گلیاں، نالیاں نہیں بلکہ اس ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کرنا ہے۔
صدر پاکستان عوامی تحریک گوجر خان قاضی شاہد مسعود ایڈووکیٹ نے کہا ہمارے ملک کے حکمران ہمیشہ سے ہی انگریزوں کے غلام چلے آرہے ہیں۔ ہم اپنے مقصد اور منشور سے بہت دور ہو چکے ہیں۔ قائد اعظم نے 14 اگست 1947ء کو جو پاکستان ہمارے حوالے کیا تھا، ہم نے وہ پاکستان ٹکڑوں میں تقسیم کردیاہے۔
تقریب میں صدر تحریک منہاج القرآن گوجرخان ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی، ناظم تحریک منہاج القرآن گوجرخان محمد ریاست قادری، سابقہ ناظم یونین کونسل مانکیالہ افتخار احمد بھٹی، ناظم مالیات تحریک منہاج القرآن گوجرخان حاجی خالد محمود، پاکستان تحریک انصاف گوجرخان کے رہنما نایاب خاور ایڈووکیٹ، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گوجرخان حافظ غلام مجتبیٰ، ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن گوجرخان عبدالستار نیازی، پرنسپل منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم راجہ خیام عباس اور چیف ایگزیکٹو حاجی منیر حسین سمیت تحریک منہاج القرآن کے دیگر کارکنان، اہل علاقہ خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔
رپورٹ: عبدالستار نیازی (ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)
تبصرہ