انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام جشن آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا اہتمام
14 اگست جشن آزادی کے موقع پر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ''ہم سب کا پاکستان" کے عنوان سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس تقریب میں پاکستان میں بسنے والے دیگر مذاہب کے نمائندہ قائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جن میں مسیحی برادری کے رہنما فادر جیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر لاہور، ہندو برادری کے رہنما پنڈت بھگت لال بالمیک مندر نیلا گنبد لاہور، سکھ برادری اور پاکستان سکھ گوردوارہ کونسل کے رہنما سردار سرجیت سنگھ اپنے وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔
تقریب کے میزبان ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں تمام شرکاء نے باادب کھڑے ہو کر اجتماعی طور پر قومی ترانہ پیش کیا اور ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ملا کر قومی یکجہتی اور بین المذاہب رواداری کا عملی مظاہرہ کیا۔
مقررین نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مذاہب عالم کے مابین رواداری کے فروغ اور احترام انسانیت کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور منہاج القرآن کا مرکز ہر مذہب کے پیروکاروں کے لیے کھلا ہے۔
تقریب سے دیگر مذہبی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کی افکار کی روشنی میں اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں ہیں اور اس سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔ تقریب میں انوار اختر ایڈووکیٹ، جواد حامد، سجاد العزیز، عبدالحفیظ چوہدری، اور ثناءاللہ خان نے بھی شرکت کی۔
آخر میں اجتماعی طور پر استحکام پاکستان اور ملک و ملت کی سلامتی و امن کے لیے دعا کی گئی۔
تبصرہ