توہین آمیز فلم کے خلاف تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں

امت مسلمہ کے حکمرانوں اور OIC کی بے حسی کی پر زور مذمت کی گئی
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور سے نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی

توہین آمیز فلم کے خلاف تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن تا اکبر چوک ٹاؤن شپ ہزاروں افراد نے اپنے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار محبت کیلئے ریلی میں شرکت کی۔ دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک کے تمام اضلاع سے مذموم فلم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی، فیصل آباد، پشاور، ملتان، سیالکوٹ، لودھراں اور سرگودھا سے نکلنے والی احتجاجی ریلیوں میں ہزاروں مرد و خواتین نے شریک ہو کرحضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار محبت کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور سے نکلنے والی ریلی کے شرکاء نے توہین آمیز فلم کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے جس میں عالمی اداروں، UN اور موثر ممالک سے اس مذموم عمل کو مستقل ختم کرنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد اور UN کی قراردادوں میں ترمیم کے مطالبے درج تھے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں اور OIC کی بے حسی کی بھی پر زور مذمت کی گئی۔ ہزاروں افراد ریلی کے دوران درودوسلام پڑھتے رہے۔ ریلی میں شریک پر امن لوگوں نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ کرنے والے عالمی مجرم ہیں اور ہم اس وقت تک سراپا احتجاج رہیں گے جب تک آزادی اظہار کے پردے میں یہ مذموم ترین عمل ہمیشہ کیلئے بند نہیں کیا جاتا۔ مظاہرین نے ایسی فلموں اور کارٹونز کو امن عالم کیلئے بدترین خطرہ قرار دیتے ہوئے بینرز کے ذریعے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر ممالک اور اداروں کو اپنے دہرے معیار سے تائب ہونا ہو گا۔

ریلی کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی، جبکہ منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین اور کارکنان بھی ریلی میں شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top