کراچی ڈویژن: عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی

مورخہ 21 ستمبر 2012ء بروز ہفتہ کو توہین آمیز فلم کے خلاف کراچی کے ہزاروں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کراچی کی عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی میں شرکت کی۔ شرکاء نے توہین آمیز فلم کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عالمی اداروں اور بے حس حکمرانوں کے خلاف نعرے درج تھے، لاکھوں افراد نے محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفا داری کا بھرپور پیغام دیا۔ ریلی میں شریک ہزاروں پر امن عوام نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ کرنے والے عالمی مجرم ہیں اور ہم اس وقت تک سراپا احتجاج رہیں گے جب تک آزادی اظہار کے پردے میں اس مذموم ترین رویے کے اظہار کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند نہیں ہو جاتا۔ ریلی میں شریک ہزاروں مردوخواتین نے انتہائی پُر امن رہ کر پوری دنیا کو پیغام دیا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیروکار کبھی قانون کو ہاتھ میں نہیں لیتے اور نہ ہی توڑ پھوڑ اور تشدد کا تصور کر سکتے ہیں۔

گو کہ صرف ایک دن کا شارٹ نوٹس اور نامساعد حالات جس میں موبائل سروس کا بند ہونا، ٹرانسپورٹ کا نہ ہونا، فیول اسٹیشنز کا بند ہونا، دہشت کی فضا وغیرہ، مگر اس کے باوجود تحریکِ منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے اپنے ولولہ و جذبہ سے عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا۔ اس ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباًً 4000 خواتین و افراد نے شرکت کی۔

ریلی کا باقاعدہ آغاز نماز ِ جمعہ کے بعد رحمانیہ مسجد سے ہوا، ریلی کی قیادت تحریک منہاج القرآن کراچی کے سرپرست الحاج ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، صوبائی ناظم مفتی ارشاد حسین سعیدی، حاجی اقبال میمن، لطافت محمود قادری، مسعود عثمانی، سید ظفر اقبال، راؤ کامران، قیصر اقبال قادری، اطہر جاوید صدیقی، راؤ طیب، محمد وسیم، محترمہ فوزیہ شوکت، محترمہ نور و دیگر قائدین نے کی۔ ریلی جامع مسجد رحمانیہ ، قائدِ اعظم محمد علی جناح سے ہوتی ہوئی نمائش چورنگی پر پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔ مختلف جگہوں پر قائدین نے خطابات کیے، آخر میں مفتی ارشاد حسین سعیدی نے ریلی سے خطاب کیا اور امیر ِ تحریک نے دعا کروائی۔

ریلی کے تمام شرکاء نے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں شکر ادا کیا کہ اتنے نامساعد حالات اور دن بھر جالاؤ گھراؤ، لوٹ مار، پر تشدد واقعات کے باوجود کامیابی سے ریلی کا انعقاد ممکن ہو سکا، ریلی کی کامیابی پر شرکاء ریلی نے تمام کارکنانِ تحریک منہاج القرآن کراچی اور اس کے تمام ذیلی تنظمات اور ان کے کا رکنان کو دل کی گہرایئوں سے مبارکباد پیش کی۔

لطافت محمود قادری، ناظمِ تحریکِ منہاج القرآن، کراچی
مرتب کردہ: فداحسین ایڈووکیٹ، نائب ناظم

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top