عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : کوہاٹ

تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی اور اہانت پر مبنی گستاخانہ فلم نے امت مسلمہ کو سراپا احتجاج بنا دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک گیر سطح پر احتجاج ہو رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں تحریک منہاج القرآن و منہاج القرآن ویمن لیگ کوہاٹ نے اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کے لیے میلاد چوک (بازار زرگران) تا کچہری چوک (یادگار شہداء) "عظمت مصطفی ریلی" کے عنوان سے ایک عظیم الشان احتجاجی جلوس کا اہتمام کیا۔ جس میں کوہاٹ شہر اور مضافات سے کثیر تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ میلاد چوک (بازار زرگران) سے جلوس کا آغاز ہوا۔ قاری معین الدین چشتی نے تلاوت کلام پاک سے آغاز کیا۔ الحاج محمد قنور خان قادری نے بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ درود اور نعت شریف پیش کی۔ جلوس میلاد چوک سے روانہ ہو کر بازار زرگران، مین بازار اور کنگ گیٹ سے ہوتا ہوا کچہری چوک پہنچا۔

تحریک منہاج القرآن کے قائدین کے علاوہ پیر سید طاہر علی شاہ، ملک ہمت خان، شاہد زمان، الحاج غلام محمد، الحاج عابد پراچہ، محمد فیاض حیدری اور دیگر زعماء نے قیادت کی۔ جلوس کچہری چوک (یادگار شہداء) پہنچا۔ تلاوت کلام پاک، درود پاک اور نعت شریف کے بعد صوبائی ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن صوبہ خیبر پختونخوا حافظ محمد عبدالجلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرتے ہوئے اپنے املاک کو نقصان پہنچانا اور اپنے ہی لوگوں کو مارنا عقل مندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں  مذمت کی ہے۔

بعد ازاں حافظ محمد عبدالجلیل نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مختلف ٹیلی ویژن چینلز کوانٹر ویوز میں دیے گئے بیانات کے اقتباسات لوگوں تک پہنچائے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ OIC کا اجلاس بلا کر 56 ممالک کی نمائندہ تنظیم کے سامنے ایک نکاتی ایجنڈا رکھے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرے کہ وہ اس حوالے سے ایسے مضبوط قوانین تشکیل دے تاکہ گستاخان رسول کو قرار واقعی سزا ملے اور آئندہ کسی کو ایسی گستاخی کی جرات نہ ہو سکے۔

آخر میں تمام شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت و ناموس کی خاطر ہمیشہ متحد رہنے کا عزم صمیم کیا۔ قاری معین الدین کی دعا کے ساتھ عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی اپنے اختتام کو پہنچی۔ حافظ محمد عبدالجلیل نے جملہ تنظیمات کے قائدین، ریلی کی انتظامیہ اور صحافی حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top