پاکستان عوامی تحریک چکوال کے ضلعی سیکرٹریٹ کا افتتاح

پاکستان عوامی تحریک چکوال کے ضلعی سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب پنڈی روڈ پر منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم اور ملک مظفر خان تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر تلہ گنگ تنظیم کے صدر ملک سلیم اختر، محمد اویس نکہ کہوٹ، چوآسیدن شاہ سے شہزاد قیوم، ملک فاروق، ایم ایس ایم کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبدا لعمار منعم، پاکستان عوامی تحریک ضلع چکوال کے سرپرست ملک احسان محفوظ، چوہدری مجاہد حسین بھی موجود تھے۔ نیز تمام یونین کونسل اور یونٹ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ ناظم تحریک منہاج القرآن چکوال ڈاکٹر سہیل محمود جنجوعہ نے تنظیمات کی کارکردگی رپورٹ نے پیش کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض میڈیا کوآرڈینیٹر توقیر عباس مغل نے سرانجام دیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد نواز انجم نے کہا کہ موجودہ نظام کو نظام کہنا جمہوریت کی توہین ہے۔ اسکے تحت 100 سال بھی الیکشن ہوتے رہیں تو کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئے گی۔ قوم موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج ملک میں آئیڈیالوجی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں۔ مخصوص خاندانوں کی سیاست وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت بنا دیاگیاہے۔ کرپٹ لوگوں کا سیاسی کردار ختم کرنا ہوگا۔ کرپشن سیاستدانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے ۔عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے۔ مذہبی، سیاسی جماعتیں نظام کی اور نظام ان کا محافظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت کے لیے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہوگا تاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اورعزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کے لیے جذبہ حب وطنی کو بیدار کرنا ہوگا۔ ہمارا مشن اور منشور عوامی شعور کی بیداری ہے۔ ہم موجودہ بوسیدہ اورکرپٹ نظام کو نہیں مانتے۔ کرپشن زدہ گلے سڑے نظام نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔ منافقت اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا۔

آخر میں امیر پنجاب احمد نواز انجم نے فیتہ کاٹ کر پاکستان عوامی تحریک چکوال کے ضلعی سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا، جبکہ حاجی عبد الغفور شیخ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top