منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی 2012ء
امت مسلمہ ہر سال سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا اہتمام کرتی ہے۔ یوں قربانی جہاں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے وہیں یہ عمل معاشرے کے محروم طبقات کی داد رسی کا ذریعہ بھی ہے۔ کیونکہ قربانی کے گوشت سے لے کر جانور کی کھال تک غریبوں کے لیے خوشی اور سہارا ہے۔ قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک ایک نیکی نامہ اعمال میں درج کی جاتی ہے۔ گویا اس کے ثواب کا حساب ہے اور نہ کوئی حد۔
قربانی کی کھالیں فلاحی منصوبہ جات کے لیے بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ دوسری جانب عادلانہ تقسیم سے گھرانے کے افراد دیگر معزز افراد، فقیر اور مساکین سب تک قربانی کا گوشت پہنچ جاتا ہے یوں معاشرے کا ہر فرد، ہر طبقہ اس سے بہرہ مند ہو جاتا ہے۔ قربانی کے گوشت کو مستحقین تک پہنچانے اور کھالوں سے حاصل شدہ آمدنی کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن غریب و نادار لوگوں کی فلاح و بہبود اور یتیم بچوں کی کفالت پر خرچ کر رہی ہے۔ یوں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال عید قربان پر غریب، مفلس اور محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کر کے اس عظیم فریضہ کو سر انجام دے رہی ہے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مرکز کے تحت ٹاون شپ میں ہر سال اجتماعی قربانی کی جاتی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال عید قربان کے موقع پر ہزاروں جانور ذبح کرتی ہے اور گزشتہ سال اس کی تعداد تین ہزار تھی جس میں ہر سال مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی میں دنیا بھر سے لوگوں نے حصہ لیا ہے ۔ ان کی ہدایات کے مطابق جانور (گائے، بکرا، چھترا) خرید کر ذبح کیے جاتے ہیں۔ اور حسب ہدایات گوشت ان کو فراہم کردیا جاتا ہے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پورے ملک میں 300 مقامات پر اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے ۔منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی مقامی سطح پر کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں افریقہ کے مختلف ممالک میں بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے۔
قربانی کا گوشت لاہور کے گرد و نواح اور بالخصوص کچی آبادیوں کے غریب اور مستحق لوگوں میں خصوصی طور پر تقسیم کر دیا جاتا ہے۔ اس مہم کے ذریعے غریب لوگوں میں ہر سال سینکڑوں من گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تقریباً 500 کارکنان ایک ماہ تک مسلسل محنت کرکے قربانی کے اس عمل کو مکمل کرنے میں مدد دیتےہیں۔
منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے سال بھر جاری رہنے والے فلاحی منصوبہ جات میں تعلیمی منصوبہ جات، قدرتی آفات سے بحالی، اجتماعی شادیاں، صحت اور میڈیکل پراجیکٹس، آنکھوں کے مفت آپریشن، ویمن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، واٹرپمپس انسٹالیشن اور بیت المال شامل ہیں۔ سال بھر جاری رہنے والے ان منصوبہ جات میں کروڑوں روپےخرچ ہوتے ہیں۔ ان منصوبہ جات کو جاری رکھنے کے لیے قربانی کی کھالیں منہاج ویلفئیر فاونڈیشن کی آمدن کا اہم ذریعہ ہیں ۔ منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کو قربانی کی کھالیں دینے کے علاوہ قربانی 2012ء میں اپنا حصہ بک کرانے کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
فون: 5168365، 140-140-111(42)92 +
تبصرہ