تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر جمعۃالمبارک کو یوم عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منایا گیا

علمائے کرام نے مساجد میں عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خطابات کیے
کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، ڈیرہ غازیخان، حیدر آباد، سکھر، سرگودھا اور فیصل آباد میں عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلیاں اور سیمینارز

تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃالمبارک کو یوم عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منایا گیا۔ علمائے کرام نے مساجد میں عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خطابات کیے۔ توہین آمیز فلم کے خلاف تحریک منہاج القرآن کی اپیل پر ملک کے تمام اضلاع سے اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کیلئے عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔

لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، ڈیرہ غازیخان، حیدر آباد، سکھر، سرگودھا اور فیصل آباد سے نماز جمعہ کے بعد نکالی گئیں پرامن ریلیوں میں ہزاروں مرد و خواتین کے علاوہ بچوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ’’جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن‘‘ سے یوم عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں توہین آمیز فلم کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موو منٹ کے مرکزی قائدین کے علاوہ ہزاروں کارکنان بھی ریلی میں شریک تھے۔

ریلی تحریک منہاج القرآن کے مرکز ی سیکرٹریٹ سے مین بلیو وارڈ فیصل ٹاؤن سے ہوتی ہوئی اکبر چوک ٹاؤن شپ میں جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ پرامن ریلی کے شرکاء نے توہین آمیز فلم کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر عالمی اداروں، UN اور مؤثر ممالک سے اس مذموم عمل کو مستقل ختم کرنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد اور UN کی قراردادوں میں ترامیم کے مطالبے درج تھے۔ ریلی میں امت مسلمہ کے حکمرانوں اور OIC کی بے حسی کی بھی پُر زور مذمت کی گئی۔ ریلی میں شریک ہزاروں افراد نے محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفاداری کا بھر پور پیغام دیا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انبیاء کرام، الوہی کتابوں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا لہذا اس فلم کو بنانے والے پروڈیوسرز، فنانسزز، پروموٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور اداکاروں کو عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن سے کھیلنے والے ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے۔

ریلی سے تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم، لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر اور دیگر مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top