پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نہ رکنے والا اضافہ حکومت کی غریب دشمنی کی بدترین مثال ہے : فیض الرحمان درانی

بقائے اقتدار کی جہد مسلسل ہی حکومت کی اب تک کی واحد کارکردگی ہے
عوام موجودہ انتخابی نظام کے خلاف باہر نکل آئیں

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نہ رکنے والا اضافہ غریب عوام سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہے۔ حکومت کی چار سالہ کارکردگی غریب دشمنی کی بدترین مثال ہے۔ بقائے اقتدار کی جہد مسلسل ہی حکومت کی اب تک کی واحد کارکردگی ہے جسے اسکا ’’کریڈٹ‘‘ کہا جا سکتا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کی ٹھوس پالیسیاں بنانے اور پہلے سے موجود پر عمل درآمد میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہے حکومتی خرچے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر کے حکومت معیشت کو سہارا دینے کے مصنوعی اور عوام دشمن طریقوں پر عمل پیرا ہے۔پاکستان سے پسماندہ ممالک میں بھی بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ بہت سوچ سمجھ کر کیا جاتا ہے مگر پاکستانی عوام کی حالت زار کی ذمہ دار حکومت کی ظالمانہ پالیسیاں ہیں۔مہینے میں کئی دفعہ قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ رکنے میں نہیں آرہا۔ عوام حکومت کے خلاف احتجاج کی بجائے موجودہ انتخابی نظام کے خلاف باہر نکل آئیں تا کہ آئندہ کوئی عوام دشمن حکومت تشکیل نہ پا سکے۔موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے 100 الیکشن بھی عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top