چیچہ وطنی : یوم عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی
تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی کے زیراہتمام مورخہ 05 اکتوبر 2012 کو پرامن یوم عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منایا گیا۔ اس سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد مرکز اہلسنت نورالمساجد سے عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی۔ جس میں تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ذمہ داران وکارکنان، مختلف یونین کونسلز اور کسووال تنظیم کے علاوہ مرکز اہلسنت نورالمساجد کے نمازیوں نے بھی بڑے جوش وجذبے کے ساتھ شرکت کی۔
ریلی کی قیادت صدر تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی چوہدری محمد احسن خطیب مرکز اہلسنت نورالمساجد مفتی ظہیر احمد بابر، صدر تحریک منہاج القرآن کسووال محمد اصغر قادری اور ناظم تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی حاجی عبد المجید قادری نے کی۔ ریلی کے شرکاء آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ذوق وشوق سے درود شریف کا ورد کرتے رہے۔ ریلی مختلف بازاروں سے گزرتے ہوئے چیچہ وطنی پریس کلب پہنچے۔ جہاں پریس کلب کی عمارت کے سامنے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
خطیب مرکز اہلسنت نورالمساجد مفتی ظہیر احمد بابر، سابق صدر تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی مرزا محمد فاروق قادری اور مولانا سید محسن علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ سازشوں کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے۔ حکومت پاکستان عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرے۔ ہمارے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بطور وکیل یہ مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محبت واتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپناتے ہوئے اپنی زندگیاں گزارنی چاہیں اور جب بھی تحفظ ناموس رسالت کا معاملہ ہو تو اپنی جان ومال اولاد بھی قربان کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔
رپورٹ : حبیب الرحمان سعیدی (ناظم نشر واشاعت، تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی)
تبصرہ