مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام سہ روزہ نفلی اعتکاف

اللہ رب العزت کی مدد ونصرت اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین مقدسہ کے تصدق سے مرکزی نظامت تربیت کے تحت قائم کردہ منہاج ٹریننگ اکیڈمی میں مورخہ 5 اکتوبر 2012ء سے شروع ہونے والے پہلے سہ روزہ نفلی اعتکاف کی اختتامی تقریب مورخہ 7 اکتوبر 2012ء سہ پہر 3 بجے اکیڈمی ہال میں منعقد ہوئی۔ جس میں نائب امیر تحریک و وائس پرنسپل تربیت کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز علامہ محمد صادق قریشی، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم، ناظم تربیت غلام مرتضی علوی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پروفیسر چوہدری محمد اشرف، سنیئر نائب ناظم محمد شریف کمالوی، مرکزی معلم محمد عبدالماجد، مرکزی معلم علامہ عمران علی قادری اور دربار غوثیہ کے دیرینہ خادم ملک حبیب اللہ قادری نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں قرآن مجید کی تلاوت کی گئی اور اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔

مہمانان گرامی اور حاضرین سے کلمات استقبالیہ علامہ غلام مرتضی علوی نے کہے۔ انہوں نے ملک حبیب اللہ قادری کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر ان تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تین دن نفلی اعتکاف میں شرکت کی اور منہاج ٹریننگ اکیڈمی کو رونق بخشی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے نظامت تربیت کے بقیہ تمام کورسز اور کیمپوں کا اختصار سے تعارف بھی کروایا اور تمام شرکاء کیمپ کو اپنی اپنی تحصیلات میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی تاکید کی۔

شرکاء کیمپ میں سے ملک عامر ناظم دعوت راولپنڈی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اعتکاف میں حاضر ہو کر انسان کو اللہ تعالیٰ کا قرب اور روحانی کیفیات حاصل ہوتی ہیں۔ اس طرح کے اعتکاف میں شریک ہونا روحانی آسودگی کا باعث ہے۔ آخر میں انہوں نے سہ روزہ تربیتی کیمپ کے جملہ انتظامات کو سراہتے ہوئے منہاج ٹریننگ اکیڈمی کی ٹیم کو مبارک باد دی اور مزید ترقی کے لیے دعا کی۔

بعدازاں شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور اپنے ملک میں امن وسلامتی کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

سہ روزہ نفلی اعتکاف کا شیڈول کچھ اس طرح تھا ۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top