تحریک منہاج القرآن کا آغاز کرنے والے ڈاکٹر طاہر القادری آج امت مسلمہ کے شیخ الاسلام بن چکے ہیں۔ فیض الرحمن درانی

23 دسمبر کا دن ملک کے غریبوں کیلئے امید اور خوشحالی کا سورج لے کر طلوع ہو گا۔ شیخ زاہد فیاض
نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی تحریک منہاج القرآن ہی ملک کے غریب عوام کا مقدر بدلے گی۔ صادق قریشی
تحریک منہاج القرآن کے 32 واں یوم تاسیس پر منعقدہ تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کا 32 واں یوم تاسیس دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تین دھائیوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دنیا کے 6 بر اعظموں میں سیمینارز اور تاسیسی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہر جگہ ہزاروں، سینکڑوں وابستگان نے شرکت کی اور تجدید عہد کیا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت اور درازی عمر کی دعا ئیں کی گئیں اور کیک کاٹے گئے۔

ماڈل ٹاؤن لاہورمیں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ 1980ء میں داتا کی نگری سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز کرنے والے ڈاکٹر طاہر القادری آج امت مسلمہ کے شیخ الاسلام بن چکے ہیں۔ 23 دسمبر کو واپس آ کر وہ ملک میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری اسلامی ملک بنانے کی جدوجہد کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام ملک و عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ اس لئے صرف الیکشن مسائل کا حل نہیں بلکہ یہ عمل ملک کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔ انتخابی اصلاحات کا عمل ملک کو حقیقی جمہوریت کی پٹڑی پر چڑھا سکتا ہے۔

نائب امیر تحریک صادق قریشی نے یوم تاسیس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے بلا شبہ دنیا کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے اور شیخ الاسلام پوری دنیا میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں۔ وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی تحریک منہاج القرآن ہی ملک کے غریب عوام کا مقدر بدلے گی۔ 23 دسمبر کو شیخ الاسلام کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور وہ دن ملک کے غریبوں کیلئے یادگار بن جائے گا۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 دسمبر کا دن ملک کے غریبوں کیلئے امید اور خوشحالی کا سورج لے کر طلوع ہو گا۔ مینار پاکستان اس دن عوام کا ایسا سمندر دیکھے گا جو اپنے محبوب قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کیلئے دیدہ دل فراش کئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا فقید المثال استقبال ملک میں حقیقی تبدیلی کا پہلا قدم ہو گا۔

تاسیسی تقریب سے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، جواد حامد اور رفیق حبیب نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top