جہانیاں : عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی

تحریک منہاج القران جہانیاں کے زیراہتمام عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت صدر تحریک منہاج القرآن جہانیاں عبدالرحمٰن شان شیخ نے کی۔ ریلی میں علاقے بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز، بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی جیلانی مسجد سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی ٹی ایم اے چوک پر ختم ہوئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن عبدالرحمن شان شیخ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے لئے عالمی سطح پر ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس میں کسی بھی مذہب کے خلاف توہین آمیز مواد کی اشاعت کو مکمل طور پر ممنوع قرار دیا جائے۔ پاکستانی حکومت گستاخانہ فلم کے خلاف فوری طور پر عالمی ادارہ انصاف میں مقدمہ دائر کروائے جس کے لئے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری بطور وکیل ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی نمائندگی کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیراہتمام نکالی جانے والی پرامن ریلیوں سے پاکستانی قوم کا امیج بہتر انداز میں دنیا کے سامنے آیا ہے۔ مسلمان ایک کروڑ چوبیس ہزار انبیاء کرام کی تکریم کو اپنا ایمان سمجھتے ہیں۔ اس لئے مغربی دنیا مقدس ہستیوں کے احترام کے قوانین پر سختی سے عمل کرائے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کو متحد ہو کر اجتماعی فیصلے کرنا ہوں گے۔ محض بیانات دینے کی بجائے آل پارٹیز کانفرنس اور سینٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے اس سلسلہ میں قومی پالیسی وضع کی جائے۔

انہوں نے ملالہ یوسف زئی پر دہشتگردانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام حالت جنگ میں بھی عورتوں اور بچوں کو قتل کی اجازت نہیں۔ ملالہ پر حملہ ہر اس بچی پر حملہ سمجھا جائے جو پڑھنا چاہتی ہے اور اپنے روشن مستقبل کے لئے امن کی بھیک مانگ رہی ہے۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے تمام عہدیداران ڈاکٹر راؤ ایوب سنیئر نائب صدر، عبدالکریم نائب صدر، محمد شہباز ناظم، مرزا خالد ندیم، فریال چوہدری، مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ کے زاہد گورایا، عامر دھاریوال، جمال واہلہ، عقیل چوہدری، ملک شان، ملک کاشف، شوکت گجر، وقاص یوسف سمیت سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ آخر میں فیصل حمید چوہان نے ملالہ کہ صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top