بجلی اور گیس کی عدم دستیابی عوام سے جینے کا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے : شیخ زاہد فیاض

بدامنی، دہشت گردی سے جنم لینے والا خوف و ہراس عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے
شیخ زاہد فیاض کا مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور تنظیمات کے عہدیداروں کے اجتماع سے خطاب

سینیئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی، بجلی اور گیس کی عدم دستیابی عوام سے جینے کا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے۔ بدامنی، دہشت گردی سے جنم لینے والا خوف و ہراس عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔ عوام بے چاری اپنی داستان غم کے سنائے۔ عوام کب تک خاموش رہے گی اور کب تک حکومت کی طفل تسلیوں کو قبول کرتی رہے گی۔ عوام کا احتجاج اور شدید رد عمل فطری ہے۔ اس رد عمل کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ امن ، انصاف، روزگار اور برابری کے اصولوں کو لاگو کیا جائے۔ بدامنی کو مضبوط طریقوں سے کنٹرول کیا جائے۔ مہنگائی کے طوفان کو بند کیا جائے ورنہ حالات اتنے خراب ہو سکتے ہیں کہ پھر قابو کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور تنظیمات کے عہدیداران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر لاہور تحریک منہاج القرآن ارشاد طاہر، ناظم لاہور، تحریک منہاج القرآن حفیظ اللہ جاوید، ثناء اللہ، الیاس ڈوگر، میاں رئیس احمد اور چوہدری محمود بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرایوں میں اضافہ بھی عوام پر مزید معاشی بوجھ اور دکھوں میں خطرناک اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے مگر ہم مجموعی طور پر اتحاد کا راستہ چھوڑے ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا روز بروز بڑھتا ہوا دورانیہ ایک نئے المیہ کا باعث بنتا جا رہا ہے جس کا پورا ادراک حکومتی سطح پر کماحقہ نہیں ہے۔ جب لوگوں کو ان کی بنیادی ضروریات زندگی نہ ملیں، روزگار دستیاب نہ ہو، گھر سے باہر نکلنے والوں کو یقین نہ ہو کہ وہ بخیریت واپس گھروں کو لوٹیں گے کہ نہیں وہ ان سب جھمیلوں اور طوفانوں کا سامنا کر کے واپس پہنچیں تو گھروں میں بچے بھوک اور بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بلک رہے ہوں تو سٹپٹا کر نہ رہ جائیں گے تو اور کیا کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top