فیصل آباد : منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی شادیاں

فرسودہ رسم و رواج اور غربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کے لیے ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ ان حالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں چلنے والی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منہاج القرآن اسلامک سنٹرگلفشاں کالونی کے سامنے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ باراتوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر 1 بجے تک جاری رہا، ڈھول اور فوجی بینڈ سے ان کا استقبال کیا گیا۔ پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔

اس تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کی۔ جبکہ سید ہدایت رسول قادری، ہمایوں عباس شمس، ملک ظفر اقبال، حضور محمد صابر، علامہ عزیز الحسن حسنی، میاں کاشف محمود، چوہدری محمود عالم جٹ، علامہ اختر حسین اسد، غلا محمد قادری، رانا طاہر سلیم خاں، حاجی محمد عارف بیگ، شیخ اعجاز احمد، اللہ رکھا نعیم القادری، حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد رفیق، حاجی عبدالمجید، حاجی امین القادری، حاجی محمد رشید قادری، حاجی محمد اشرف، قاری محمد امجد ظفر، رانا رب نواز انجم کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی، مذہبی، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس تقریب سعید سے امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ بانی تحریک منہاج القرآن امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے، وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔

تقریب سے، سید ہدایت رسول قادری، انجینئر محمد رفیق نجم اور علامہ عارف صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے، کیونکہ غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سُنتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بے سہارہ اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کے لئے مثال بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ عوام خوشیوں کو ترس گئے ہیں۔ منہاج القرآن کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ اس نے معاشرے میں باہمی اخوت اور محبت کے جذبے کو اجاگر کیا اور آج ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرقیادت دنیا بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے تقریب میں شریک ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان، جن میں قرآن پاک، جائے نماز، برتنوں والی الماری، ڈبل بیڈ، کرسیاں، میز، پیٹی، ڈرمی آٹے والی، اٹیچی کیس، سلائی مشین، واشنگ مشین، پنکھا، استری، کلاک، سٹیل برتن، ڈنر سیٹ، پلاسٹک برتن، رضائی ڈبل بیڈ، تکیے، کھیس، دریاں، واٹر سیٹ، ٹی کپ، میک اپ سامان ودیگر ضروریات زندگی کے تمام سامان سمیت دلہن کو سونے کا کوکا اور دلہا کوگھڑی کا تحفہ دیاگیا۔

 

نکاح خوانی کے فرائض قاری سرفراز احمد قادری اور قاری محمد اعظم نے سرانجام دیئے۔ جس کے بعد تقریب میں شریک 2000 سے زائد مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیا گیا۔ اس پر وقار تقریب کا اختتام قرآن پاک کے سائے میں 25 دلہنوں کی رخصتی پر ہوا۔ اس موقع پر خوشی کی اس تقریب میں لوگوں کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔ یتیم اور بے سہارا دلہنوں اور ان کے لواحقین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعائیں دیں۔

غلام محمد قادری
(ضلعی سیکرٹری اطلاعات، فیصل آباد)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top