فیصل آباد : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

(فیصل آباد) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب امیر محمد صادق قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے مگر 65 سال سے یہاں اسلاف کے نظریات اور اسلامی اقدار دونوں کا وجود وقت کے ساتھ تنزلی کا شکار رہا اور اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ریاست پاکستان کو سنگین خطرات نے گھیر رکھا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 23 دسمبر کو سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے ایجنڈے کے ساتھ وطن واپس آ رہے ہیں۔ مینار پاکستان میں لاکھوں افراد کے سامنے وہ اہم اعلان کریں گے۔ دسمبر کا آخری عشرہ پاکستان کی تکمیل کی طرف اہم قدم ہو گا۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ملک میں روایتی سیاست اور کر پٹ نظام انتخاب کے خلاف مینار پاکستان میں موجزن ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک سنٹر گلفشاں کالونی فیصل آباد میں عید ملن پارٹی و نظام بدلو ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم تحریک پنجاب تو قیر الحسن گیلانی، اللہ رکھا نعیم، انجینئر محمد رفیق نجم، میاں کاشف محمود، رانا غضنفر علی، حاجی امین القادری، میاں امجد قادری، حاجی محمد عباس، علامہ عارف صدیقی، محمد خلیل خان، علامہ عزیز الحسن اعوان، چوہدری بدر رمیض، محمد شہزاد مصطفوی، فرحت دلبر قادری، فاطمہ سجاد، بشارت جسپال، میاں عبدالقادر و دیگر ضلعی، صوبائی قائدین و کارکنان موجود تھے۔

انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کی قباحتوں نے عوام کو حقیقی جمہوریت سے کوسوں دور کر دیا ہے۔ الیکشن کی رسم کو جمہوریت کہنے والا دو فی صد طبقہ عوام کے حقوق پر شب خون مارنا وراثتی حق سمجھتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس بد تر ین آکٹوپس جو موجودہ نظام انتخاب کی شکل میں عوام کو جکڑے ہوئے ہے، کے بازو کاٹ کر اپنے آپ کو آزاد کروایا جائے۔ توقیر الحسن گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جدوجہد ملک کو حقیقی جمہوریت سے ہمکنار کرنے سے عبارت ہے اور عوام کے چہرے پر خوشحالی اور سکون کی رونق اس وقت تک واپس نہیں آ سکتی جب تک موجودہ نظام انتخاب سے غیر جمہوری اجزاء کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ 23 دسمبر کینسر زدہ نظام کی سرجری کے آغاز کا دن ہو گا۔

میاں کاشف محمودنے کہا کہ ریاست کے استحکام کے ساتھ ہی 19 کروڑ عوام کی خوشیاں وابستہ ہیں۔ عوام کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ریاست بچانے کے ایجنڈے کے ساتھ اتفاق کر کے حقیقی جمہوریت کیلئے وہی کردار ادا کرنا ہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔ مسلمانان ہند نے انگریز کی غلامی سے نجات حاصل کی تھی۔ آج موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب کی غلامی سے نجات کا مسئلہ درپیش ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top